انمول پنکی کو 4 سال پہلے لاہور میں پولیس افسر نے گرفتار کیا، بعد میں دونوں نے شادی کر لی

انمول پنکی 10 دن افسر کی تحویل میں رہی جس کے بعد دونوں نے شادی کر لی، افسر خود انسداد منشیات سیل کا حصہ تھا اسی لیے ملزمہ کو تحفظ ملا رہا، اردو پوائنٹ ملکی تاریخ کی سب سےبڑی کوکین ڈیلر سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے لے آیا

muhammad ali محمد علی بدھ 13 مئی 2026 21:17

انمول پنکی کو 4 سال پہلے لاہور میں پولیس افسر نے گرفتار کیا، بعد میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2026ء) اردو پوائنٹ ملکی تاریخ کی سب سےبڑی کوکین ڈیلر سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے لے آیا، انمول پنکی کو 4 سال پہلے لاہور میں پولیس افسر نے گرفتار کیا، بعد میں دونوں نے شادی کر لی، انمول پنکی 10 دن افسر کی تحویل میں رہی جس کے بعد دونوں نے شادی کر لی، افسر خود انسداد منشیات سیل کا حصہ تھا اسی لیے ملزمہ کو تحفظ ملا رہا، انمولی پنکی سے شادی کرنے والا پولیس افسر ریٹائر ہو چکا، جبکہ گرفتاری کے بعد ایک بڑے افسر سے 7 کروڑ روپے کی ڈیل ہوئی، ڈیفنس میں 3 کروڑ روپے کا گھر دیا گیا جبکہ 4 کروڑ روپے کیش میں ادا کیے گئے۔

 ملک کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر کرائم رپورٹر نے بتایا کہ پنکی لاہور کے علاقے نواب ٹاون میں ایک کرایہ کے گھر میں اپنا دھندا چلا رہی تھی، وہیں سے اس کی گرفتاری عمل میں آئی اور پھر اسے کراچی پولیس کے حوالے کیا گیا۔

(جاری ہے)

انمول پنکی گزشتہ 13،14 سالوں سے کوکین کی فروخت کا دھندا کر رہی تھی، اسے کوکین کی کوالٹی مزید بہتر کرنے میں مہارت حاصل ہے۔

ملزمہ لاہور سے بیٹھ کر ملک کےبڑے شہروں میں منشیات کا دھندا چلاتی تھی۔ سینئر کرائم رپورٹر نے مزید انکشاف کیا کہ لاہور میں برآمد ہونے والی کوکین کو ٹیلکم پاوڈر میں تبدیل کر کے انمولی پنکی کو مقدمے سے بچایا گیا۔ کوٹ لکھپت کے علاقے میں منشیات کی فروخت کے دوران کوکین کوئین کا بھائی گرفتار کر لیا گیا تھا، دونوں بہن بھائی ایک گاڑی پر کوٹ لکھپت کے علاقے میں منشیات ڈیلور کرنے گئے تھے جب وہاں پولیس نے چھاپہ مارا، ملزمہ اپنے بھائی کو چھوڑ کر موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی تھی، بعد میں ملزمہ اور بھائی کیخلاف انسداد منشیات کا ایک مقدمہ بھی درج ہوا، مقدمے میں منشیات برآمد کا بھی ذکر کیا گیا۔

تاہم انمول پنکی کیخلاف درج منشیات کا مقدمہ 3ماہ میں حیران کن انداز میں ختم کر دیا گیا، ملزمہ کے بھائی سے جو منشیات برآمد ہوئی تھی، اسے پولیس نے کمال مہارت سے ٹیلکم پاوڈر بھی تبدیل کر دیا۔ جبکہ کوکین کوئین سے شادی کرنے والے سابق پولیس افسر کی بھی گرفتاری کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سابق افسر کو حساس اداروں نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔

انمول پنکی کو تحفظ فراہم کرنے اور منشیات کے دھندے میں مدد فراہم کرنے کے الزامات کے حوالےسے حساس اداروں نے سابق افسر سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب کوکین کوئین انمول عرف پنکی کو بدھ کے روز سخت سکیورٹی میں کراچی کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی استدعا پر ملزمہ کا 4 مقدمات میں 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، ملزمہ کو صرف منشیات فروشی ہی نہیں بلکہ کئی سنگین الزامات کا سامنا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس ریمانڈ کے دوران تھانہ بغدادی میں درج قتل کے ایک ہائی پروفائل کیس میں ملزمہ سے تفتیش کی جائے گی، کوکین کی بڑے پیمانے پر تیاری اور سپلائی کے مقدمات میں تفتیش ہوگی، گرفتاری کے وقت برآمد ہونے والے مبینہ اسلحے سے متعلق کیسز بھی شامل ہیں، مجموعی طور پر ملزمہ کے خلاف 4 مختلف مقدمات ہیں جن میں انمول پنکی کا ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ ملنے کے بعد اب انوسٹی گیشن ٹیمیں ان امور پر تفتیش میں توجہ دیں گی کہ قتل کے کیس میں کیا قتل منشیات کے کاروبار میں رکاوٹ بننے کی وجہ سے کیا گیا؟ کراچی اور لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں موجود دیگر سہولت کاروں اور پولیس کے اندر موجود ’کالی بھیڑوں‘ کا سراغ لگانے کوشش کی جائے گی، ریمانڈ کے دوران منشیات کے کاروبار سے بنائے گئے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی بھی چھان بین ہوگی۔