Live Updates

پاکستان نے مذاکرات میں شاندار کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل بہترین شخصیت کے مالک ہیں

ایران درست فیصلہ کرے ورنہ کام مکمل کروں گا اور سیزفائر ختم کرنے پر سوچوں گا،ایران کا ایٹمی پروگرام روکنا امریکیوں کی معاشی تکالیف سے بڑھ کر ہے۔ صدر ٹرمپ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 مئی 2026 21:52

پاکستان نے مذاکرات میں شاندار کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل بہترین شخصیت ..
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 13 مئی 2026ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان نے مذاکرات میں شاندار کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل بہترین شخصیت کے مالک ہیں۔ انہوں نے بیجنگ روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران درست فیصلہ کرے ورنہ کام مکمل کروں گا،ایران کے ساتھ سیزفائر ختم کرنے پر سوچوں گا، ایران ایشو پر چینی صدر سے مدد نہیں لوں گا، چینی صدر ست جنگ پر تفصیلی بات ہوسکتی ہے، ایران کے پاس کسی صورت ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں، ہم نے ایران کی ملٹری مشین کو ختم کردیا ہے، امریکا کی طرف سے ایران کی بحری ناکہ بندی بڑی مئوثر ثابت ہوئی ۔

ایران کا ایٹمی پروگرام روکنا امریکیوں کی معاشی تکالیف سے بڑھ کر ہے۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات میں شاندار کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر بہترین شخصیت کے مالک ہیں۔ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم پاکستان دونوں نے ہی بہت اچھا کام کیا۔

دوسری جانب ترجمان ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کی غیریقینی صورتحال کے باعث ایرانی فوج ہائی الرٹ ہے، پاسدران انقلاب آبنائے ہرمز کے مغربی اور فوج مشرقی حصے کو کنٹرول کررہی ہے، امریکی فوجی سازوسامان کو آبنائے ہرمز سے گزرنے نہیں دیا جائے گا، دشمن اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے۔

جنگ کے بعد اب پیچھے ہٹنے کی کوئی گنجائش نہیں ہم دشمن سے مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ دوسری جانب امریکی خفیہ ایجنسیوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے اپنی میزائل صلاحیتوں کا بڑا حصہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے، جس میں لانچنگ سائٹس کی اکثریت اور زیرزمین تنصیبات تک رسائی بھی شامل ہے امریکی جریدے”نیویارک ٹائمز“نے ایک رپورٹ میں خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے پیش کردہ حالیہ تجزیوں سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تہران نے آبنائے ہرمز کے ساتھ واقع 33 میزائل سائٹس میں سے 30 میں آپریشنل صلاحیت بحال کر لی ہے یہ وہ مقامات ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ انہیں موبائل پلیٹ فارمز کے ذریعے میزائلوں کی نقل و حمل اور لانچنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے. رپورٹ کے مطابق تجزیوں میں واضح کیا گیا ہے کہ ایران کے پاس ملک بھر میں پھیلے ہوئے موبائل لانچرز کا تقریباً 70 فی صد حصہ اب بھی موجود ہے، اس کے علاوہ اس کے پاس میزائلوں کے اس ذخیرے کا تقریباً 70 فی صد حصہ بھی محفوظ ہے جو جنگ شروع ہونے سے پہلے اس کی ملکیت میں تھا تخمینہ جات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تہران نے اپنی زیرزمین میزائل اسٹوریج اور لانچنگ کی تقریباً 90 فی صد تنصیبات تک دوبارہ رسائی حاصل کر لی ہے جو شدید بم باری کے باوجود ایرانی فوجی ڈھانچے کی استقامت اور دوبارہ تعیناتی کی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے۔

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات