مملکت 100ممالک کے 2500عازمین حج کی میزبانی کرے گی،سعودی وزیراطلاعات

جمعرات 14 مئی 2026 15:37

مملکت 100ممالک کے 2500عازمین حج کی میزبانی کرے گی،سعودی وزیراطلاعات
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) سعودی عرب کے وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے کہا ہے کہ رواں سال سعودی عرب کی میزبانی میں 100ممالک سے 2500افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے، جن میں اسلامی شخصیات، علمائے کرام اور شہدا کے لواحقین شامل ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز ریاض میں حکومتی اداروں کی پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی وزارت اسلامی امور عازمین حج کی میزبانی کیلیے تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین شریفین کی جانب سے حجاج کو قرآن مجید کے 20لاکھ نسخے بطور تحفہ دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہ حج سیزن کے دوران مختلف وزارتوں کی جانب سے نگرانی مہم بھی تیز کردی گئی ہے۔ وزارت تجارت کی ٹیموں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مختلف مقامات کے 33 ہزار دورے کیے تاکہ معیاری مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بنا یا جا سکے۔

(جاری ہے)

وزارت سیاحت نے ہوٹلوں اور مہمان نوازی کے مراکز کے 19 ہزار سے زیادہ دورے کیے اور فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا ہے۔ڈیجیٹل تیاریوں کے بارے میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مشاعر مقدسہ میں 5 جی نیٹ ورک کو 100 فیصد تک کور کیا گیا ہے۔ رواںسال حج کوریج کے لیے 150 سے زائد پلیٹ فارمز اور میڈیا ہائوسز کے 3 ہزار سے زیادہ پروفیشنلز کو رجسٹر کیا گیا ہے جبکہ مشاعر مقدسہ کی مسلسل کوریج کیلیے تقریبا 2400 ٹیکنیکل سٹاف کی خدمات حاصل ہوں گی۔انہوں نے بتایاکہ حج میڈیا فورم کا تیسرا ایڈیشن رواں سال مکہ مکرمہ میں ہوگا۔