تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں ملوث لیڈی منشیات فروش گرفتار، چرس اور ہیروئن برآمد

گڈی چانڈیو کے خلاف مختلف تھانوں اور ایکسائز نارکوٹکس میں 6 مقدمات درج، پولیس حکام

ہفتہ 16 مئی 2026 21:20

تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں ملوث لیڈی منشیات فروش گرفتار، ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2026ء) حیدرآباد پولیس کی ٹاسک فورس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں ملوث مبینہ بدنام زمانہ لیڈی منشیات فروش امبرین عرف گڈی چانڈیو کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں چرس اور ہیروئن برآمد کر لی۔پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق خان دھاریجو اور ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایات پر کی گئی۔

کارروائی ٹاسک فورس حیدرآباد کے انچارج زین رضا بلوچ کی سربراہی میں ایس ایچ او ہٹڑی اسلم بلو اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔کارروائی کے دوران علی آباد کالونی کی رہائشی ملزمہ امبرین عرف گڈی چانڈیو کے قبضے سے 3090 گرام چرس اور 23.97 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف مقدمہ نمبر 152/2026 زیر دفعہ 9(1)3(c) سی این ایس ایکٹ 2024 اور مقدمہ نمبر 153/2026 زیر دفعہ 9(1)6(a) سی این ایس ایکٹ 2024 درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت میں ملوث رہی ہے، جبکہ اس کے خلاف حیدرآباد کے مختلف تھانوں اور ایکسائز نارکوٹکس میں پہلے سے 6 مقدمات درج ہیں۔پولیس حکام نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے اور منشیات کے نیٹ ورک سے متعلق اہم معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :