ذی الحج کے چاند کی پیدائش ہو گئی

پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں اتوار 17 مئی کو ذی الحج کا چاند نظر آ جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی اتوار 17 مئی 2026 00:00

ذی الحج کے چاند کی پیدائش ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2026ء) ذی الحج کے چاند کی پیدائش ہو گئی، پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں اتوار 17 مئی کو ذی الحج کا چاند نظر آ جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ماہ ذی الحج 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو)نے پیشگوئی جاری کر دی۔سپارکو کی پیشن گوئی کے مطابق ذی الحج 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات کو پیدا ہو گیا۔

سپارکو کے مطابق 17 مئی 2026 کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریبا 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔ سپارکو نے بتایا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریبا 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔سپارکو کے مطابق ان فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر 17 مئی 2026 کی شام ذی الحج کا چاند نظر آنے کے امکانات موافق تصور کیے جا رہے ہیں، بشرطیکہ موسم صاف ہو اور افق کے قریب حد نگاہ بہتر ہو۔

(جاری ہے)

سپارکو کے مطابق یکم ذی الحج 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 متوقع ہے، جو ماہ ذوالقعدہ کے اختتام کی علامت ہوگی۔سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عیدالاضحی 27 مئی کو ہوگی، سپارکو کے مطابق ذی الحج کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کے بارے میں حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔سپارکو نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔

جبکہ ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار 17مئی بروز اتوار بمطابق 29ذیقعدہ کو طلب کر لیا گیا ہے، چاند کی رویت کے بعد عیدالاضحی کی تاریخ کا بھی فیصلہ ہو جائے گا۔ ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ اجلاس پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کراچی میں طلب کیا گیا ہے، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔ زونل اور ڈسٹرکٹ رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسی شام اپنے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوں گے، چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔