پنکی کے انکشافات پر ملک گیر کریک ڈان، افریقی باشندوں سمیت 24 افراد گرفتار

افریقی باشندوں نے پاکستانی خواتین سے شادیاں کر رکھی تھیں اور منشیات اسمگل کرکے پنکی تک پہنچاتے تھے،ذرائع

ہفتہ 16 مئی 2026 21:55

پنکی کے انکشافات پر ملک گیر کریک ڈان، افریقی باشندوں سمیت 24 افراد گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2026ء) منشیات کے بین الصوبائی نیٹ ورک کی مرکزی کردار ملزمہ انمول عرف پنکی کے انکشافات کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے ہیں اور 24 افراد کو گرفتار کیا کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب عدالت نے مختلف مقدمات میں ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوکین کوئین انمول عرف پنکی کے انکشافات کے بعد مختلف شہروں میں کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی، راولپنڈی اور قصور سمیت متعدد علاقوں سے دو درجن سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔تحقیقات کے دوران یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد میں 11 افریقی باشندے بھی شامل ہیں جو منشیات اسمگل کر کے اسے پاکستان میں انمول عرف پنکی تک پہنچاتے تھے۔ ان افریقی باشندوں نے پاکستانی خواتین سے شادیاں بھی کر رکھی تھیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نیٹ ورک سے وابستہ مزید افراد کو بھی جلد گرفتار کیا جاسکتا ہے، جس کے لیے تحقیقات کا دائرہ پھیلایا جا رہا ہے۔