انمول پنکی کیس، پولیس نے فائیو اسٹار ہوٹل کو خط لکھ کر ریو پارٹی منسوخ کرا دی

انمول پنکی کیس کی تفتیش کے دوران سامنے آنے والے مختلف پہلوئوں کے باعث شہر میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، پولیس حکام

ہفتہ 16 مئی 2026 21:35

انمول پنکی کیس، پولیس نے فائیو اسٹار ہوٹل کو خط لکھ کر ریو پارٹی منسوخ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2026ء) ہائی پروفائل انمول عرف پنکی کیس کے پس منظر میں ساتھ زون پولیس نے ایک فائیو اسٹار ہوٹل کو سیکیورٹی خدشات کے باعث باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے ہفتہ کو ہونے والی ریو پارٹی کی اجازت منسوخ کرا دی ہے۔تفصیلات کے مطابق پولیس کو خدشہ تھا کہ مذکورہ پارٹی کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں خصوصا منشیات کے استعمال کا امکان موجود ہے۔

اسی خدشے کے پیش نظر ڈی آئی جی ساتھ کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے پارٹی کی اجازت منسوخ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق فائیو اسٹار ہوٹل میں ہونے والی اس ریو پارٹی میں بڑی تعداد میں افراد کی شرکت متوقع تھی، جس کے باعث سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا۔

(جاری ہے)

خط میں واضح کیا گیا کہ ممکنہ اوور کراڈنگ، رات گئے تک سرگرمیاں اور غیر متوقع صورتحال سیکیورٹی رسک بن سکتی ہیں۔

ڈی آئی جی سائوتھ کے مطابق ہائی پروفائل کیسز کے تناظر میں حساس تقریبات اور اجتماعات پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔پولیس حکام کے مطابق انمول پنکی کیس کی تفتیش کے دوران سامنے آنے والے مختلف پہلوئوں کے باعث شہر میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، اور مشکوک سرگرمیوں پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے انمول عرف پنکی کو متعدد مقدمات میں پیش کیا تھا اور کیس کی تفتیش مختلف اداروں کی مشترکہ نگرانی میں جاری ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔