ریاست میں حکمران، اشرافیہ اور سول سرونٹ تک سارا نظام کرپشن میں لتھڑا ہوا ہے، راجہ محمد امجد علی خان ایڈووکیٹ

جمعرات 21 مئی 2026 23:24

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2026ء) معروف قانون دان اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر راجہ امجد علی خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ریاست میں حکمران، اشرافیہ اور سول سرونٹ تک سارا نظام کرپشن میں لتھڑا ہوا ہے،تاجر قیادت کسی ناجائز ذخیرہ اندوز اور جعلی دودھ کا کام کرنے والے کے حامی نہیں بلکہ جعلی ادویات ناقص خوراک اور کیمیکل دودھ والوں کے ہمیشہ سپورٹر حکمران، سپیکر، وزرا، ممبران اسمبلی و سیاسی شخصیات ہی رہے، اپرچتر کے مقام پر ایک نئے کاروباری مرکز ''ضیا بیکرز اینڈ سویٹس'' کا افتتاح کرتے ہوئے راجہ امجد علی خان نے کہا کہ عوامی حقوق کی جدوجہد شروع کرنے کے بعد آج بعض لوگ تاجروں کو نشانہ بنا رہے ہیں کہ ان کی وجہ سے مہنگائی ہو گئی آج انکو ملاوٹ اور دیگر خامیاں نظر آنی شروع ہو گئیں ہیں مگر جب ہم نے 4 سال قبل سپریم کورٹ میں جعلی دودھ اور ناقص خوراک کے خلاف کیس کیا اس وقت یہ لوگ ہمیں کہیں نظر نہیں آئے تھے بلکہ مظفرآباد میں سپریم کورٹ کے احکامات پر جعلی دودھ کی دکانیں سیل ہوئیں تو میں خود گواہ ہوں ہمارے پاس حکمران طبقہ سفارشیں لے کر آتے رہے کہ اپ یہ کاروبار کھلوا دیں مگر جعلی ادویات اور ناقص خوراک پکڑی جاتی ہے تب بھی یہی طبقہ پیش پیش ہوتا ہے اج وہ کس منہ سے ملاوٹ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کی شکایات کرتے پھر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اج عوامی حقوق کی تحریک گھر گھر پہنچ چکی ہے اور عوام اپنے حقوق کے لیے سب سے زیادہ فعال کردار ادا کر رہے ہیں آزادکشمیر کے تاجران نے پہلی بار سب سے اچھا کام عوامی حقوق کی جدوجہد کے لیے عوامی ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے کیا اور لوگوں کو ریلیف ملا انہوں نے کہا کہ اپر چھتر کے عوام نے ہمیشہ ایکشن کمیٹی کے ساتھ بڑھ چڑھ کر تعاون کیا اس موقع پر سابق چیف افیسر میونسپل کارپوریشن حاجی انجم بلال خان، ایڈوکیٹ امیہ خان، ضیا بیکری کے مالکان راجہ ضیاء الرحمن اور مفتی فواد حبیب شاہ مولانا عبداللہ فضل، سینیئر صحافیوں ذوالفقار حسین بٹ، عبدالواجد خان تاجر راہنما عادل مغل،ملک عثمان،عبد المجید قادری سید مرتضی بخآری،سہیل صفدر، ذیشان مغل صاحب سمیت اپرچھتر کے تاجران سول سوسائٹی اور معززین علاقہ نے شرکت کی راجہ امجد علی خان نے فیتا کاٹ کر افتتاح کیا اور اس کے بعد مقامی امام مسجد کے خطیب نے دعا کروائی