ْکے الیکٹرک کا بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن، سائٹ صنعتوں کے لیے فیڈرز اپ گریڈ کرنے کااعلان

ہفتہ 23 مئی 2026 16:25

ْکے الیکٹرک کا بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن، سائٹ صنعتوں کے لیے فیڈرز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2026ء) کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طحہٰ نے سائٹ صنعتی ایریا میں بجلی چوری اور غیر قانونی کنڈوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے صنعتی فیڈرز کی اپ گریڈیشن اور انفراسٹرکچر کی بہتری سمیت سائٹ کے صنعتکاروں کے دیرینہ مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے یہ بات سینئر افسران کے ہممراہ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ایسوسی ایشن کے سرپرست سلیم پاریکھ، قائمقام صدر احمد ذوالفقار چوہدری، سابق صدر جاوید بلوانی، سابق سینئر نائب صدر خالد ریاض، چیئرمین انرجی سب کمیٹی محمد کامران عربی، زونل چیئرمین اپٹپما انور عزیز، نائب صدر محمد طاہر گوریجا، سابق صدر احمد عظیم علوی، سابق عہدیداران، ایگزیکٹیو کمیٹی اراکین اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور صنعتی آپریشنز، انفراسٹرکچر اور یوٹیلیٹی کوآرڈینیشن سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

سید محمد طحہٰ نے کہا کہ کے الیکٹرک میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، آؤٹیج مینجمنٹ سسٹم کی بہتری، الیکٹرانک مانیٹرنگ اور ڈسٹری بیوشن انفراسٹرکچر کی مرحلہ وار اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے جبکہ ملٹی ایئر ٹیرف (ایم وائی ٹی) کا معاملہ بھی رواں سال ستمبر تک حل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بجلی کنکشنز اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ سسٹم کو مستحکم اور بجلی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ صنعتی علاقوں کے اہم فیڈرز اور پی ایم ٹی زونز میں انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن کو ترجیح دی جائے گی جبکہ ہنگامی فالٹس اور تکنیکی خرابیوں کے ازالے کے لیے رسپانس ٹائم بھی بہتر بنایا جائے گا۔سی ای او نے نشاندہی کی کہ بعض علاقوں میں مختلف اداروں کی مشترکہ حدود کی وجہ سے خرابیوں کے حل میں تاخیر ہوتی ہے کیونکہ اجازت لینے میں وقت لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 11 کے وی اے ٹرانسمیشن لائنز کو مرحلے وار 33 کے وی اے لائنز سے تبدیل کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی اے چارجز کا معاملہ بھی ایس آئی ایف سی سطح پر حل کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔سائٹ ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر احمد ذوالفقار چوہدری نے کے الیکٹرک کے سی ای او کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 4700 ایکڑ پر مشتمل سائٹ صنعتی علاقہ سالانہ تقریباً 2.8 ارب ڈالر کی برآمدات میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید محمد طحہٰ نے بطور سی ای او پی ایس او اپنی بہترین صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور توقع ہے کہ ان کی قیادت میں صنعتوں اور کے الیکٹرک کے درمیان روابط مزید بہتر ہوں گے۔ایسوسی ایشن کے سرپرست سلیم پاریکھ نے نئے سی ای او کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے بہتر فالٹ ڈی ٹیکشن سسٹم، مضبوط آپریشنل رابطوں اور صنعتی شکایات کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔

سابق صدر جاوید بلوانی نے بار بار آنے والے تکنیکی فالٹس، کراس سبسڈی کے اثرات اور صنعتی مسابقت سے متعلق مسائل اجاگر کیے جبکہ سابق سینئر نائب صدر خالد ریاض نے صنعتی سہولت اور آپریشنل کوآرڈنیشن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین انرجی سب کمیٹی محمد کامران عربی نے کے الیکٹرک اور ایسوسی ایشن کے درمیان بہتر رابطوں کو سراہتے ہوئے تکنیکی خرابیوں کے بروقت حل پر زور دیا۔ زونل چیئرمین اپٹپما انور عزیز نے سی ای او کی توجہ انکریمنٹل یوز بینیفٹ کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔