پرنس رحیم آغا خان کی چترال آمد، گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے استقبال کیا

پیر 25 مئی 2026 17:48

پرنس رحیم آغا خان  کی چترال آمد، گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2026ء) اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان کی پیر کے روز چترال آمد پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ،وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی و دیگر اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ ترجمان گورنر ہائوس پشاور کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی، صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان اور اعلیٰ سرکاری حکام نے پرنس رحیم آغا خان کا استقبال کیا۔

روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پرنس رحیم آغا خان کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔چترال ایئرپورٹ پر پرنس رحیم آغا خان کے استقبال کے موقع پر ثقافتی رنگ نمایاں، مقامی روایات کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا ۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پرنس رحیم آغا خان کو چترال آمد پر خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

پرنس رحیم آغاخان نے گورنر خیبرپختونخوا اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ۔

پرنس رحیم آغا خان پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی ۔ گورنر نے کہا کہ پرنس رحیم آغا خان خیبر پختونخوا کے دورے پر آئے ہوئے تھے ، میں نے وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔انہوں نے کہا کہ پرنس رحیم آغا خان سے ہماری تفصیلی بات چیت ہوئی،خیبر پختونخوا میں آغا خان فاؤنڈیشن کے جاری و نئے منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں صوبے میں صحت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ پرنس رحیم آغا خان نے خیبر پختونخوا میں آغا خان فاؤنڈیشن کے منصوبوں کو بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔۔وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ چترال کا میرا اور گورنر کا یہ مختصر دورہ تھا، پرنس رحیم آغا خان سے صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل، سیاحت میں سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی،آغا خان ہسپتال اور یونیورسٹی کے پشاور میں قیام پر بات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پرنس رحیم آغا خان نے خیبر پختونخوا میں اپنی فلاحی اداروں کا دائرہ کار بڑھانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے پرنس رحیم آغا خان کو چترال ایئرپورٹ پر رخصت بھی کیا۔\932