چوہدری شجاعت حسین سے علمائے کرام وپارٹی رہنمائوں کی ملاقات،ملکی سیاسی صورتحال و دیگرامور پرتبادلہ خیال

ہفتہ 23 مئی 2026 20:37

چوہدری شجاعت حسین سے علمائے کرام وپارٹی رہنمائوں کی ملاقات،ملکی سیاسی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2026ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے علمائے کرام،مشائخ عظام اور پارٹی رہنمائوں کی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران ملکی مجموعی سیاسی صورتحال،امن وامان اور قومی یک جہتی کے امور پرتبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر ملکی ترقی،سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعابھی کی گئی۔ علمائے کرام اور پارٹی رہنمائوں نے سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی ،ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار اوران کی سیاسی و قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ مفتی محمد عثمان افضل قادری کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین نے جمہوریت کے فروغ اور ملکی استحکام کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا،وہ اعلی سیاسی بصیرت کے حامل مدبر سیاست دان ہیں۔

(جاری ہے)

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ ان کی رواداری،برداشت اور عوامی خدمت کی سیاست مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہے، اتحاد کی قوت اور مربوط کاوشوں سے ہی ملک کو سیاسی ومعاشی طور پر مضبوط قوت بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پرامن معاشرے کے قیام کیلئے علماء اور مشائخ کا کلیدی کردار ہے، علماء امن، رواداری اور بھائی چارے کے جذبات کے فروغ کیلئے اپنا موثر کردار جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادتِ مشرق وسطی میں قیام امن اور عالمی امن کیلئے لائق تحسین کردار ادا کر رہی ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمی امن کی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ملک بنایا اور یہی جماعت اسے مضبوط معاشی قوت بھی بنائے گی، پارٹی ر ہنما عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کی خدمت کے لئے دن رات ایک کردیں۔ صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے محکمہ اوقاف میں کی گئی اصلاحات بارے بتایا اور کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات اور مساجد کی تزئین و آرائش کا پروگرام جاری ہے ، اربوں روپے کی لاگت سے مزارات اور مساجد میں بہتری لائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کیلئے بھی کریک ڈائون جاری ہے جبکہ محکمہ اوقاف کے امور میں شفافیت لانے کیلئے اس کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ ملاقات کرنے والوں میں سجادہ نشین نیک آباد مراڑیاں شریف گجرات مفتی محمد عثمان افضل قادری،سجادہ نشین سید میراں حسین زنجانی،سجادہ نشین شاہ عنایت قادری میاں محمد حماد عارف اور دیگر شامل تھے ۔ سیاسی رہنمائوں میں سینئیر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب سردار انس خان قصوری، پارٹی رہنماگوہر شہزاد،شیخ شہزاد ودیگر شامل تھے۔