لاہور میں مویشی لے جانے والی گاڑیوں کو خصوصی ریلیف

ٹھوکر بائی پاس سے بابوصابو موٹروے تک مویشی بردار گاڑیوں کے داخلے کی اجازت

پیر 25 مئی 2026 14:57

لاہور میں مویشی لے جانے والی گاڑیوں کو خصوصی ریلیف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2026ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہورسید عبدالرحیم شیرازی نے عیدالاضحی سے قبل قربانی کے جانور لانے اور لے جانے والی گاڑیوں کے لئے اہم ریلیف کا اعلان کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کے دبائو میں کمی کے لئیٹھوکر بائی پاس سے بابوصابو موٹروے تک مویشی بردار گاڑیوں کے داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق بابوصابو سے ٹھوکر نیاز بیگ تک بھی جانوروں کی گاڑیوں کو آمدورفت کی اجازت مل گئی ہے، جس کے بعد مویشی منڈیوں اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان احکامات کا اجراء سی ٹی او لاہور کی درخواست پر کیا گیا جبکہ موٹروے پولیس کے آئی جی نے باقاعدہ منظوری دی۔

(جاری ہے)

سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ بابوصابو موٹروے روٹ کھولنے سے شہری شاہراہوں پر ٹریفک کا دبائو کم ہوگا اور بند روڈ، شاہدرہ، رنگ روڈ اور گوجرانوالہ جانے والے شہریوں کو بھی نمایاں سہولت میسر آئے گی۔

سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ شہریوں کی آسانی کے لئے کینال روڈ پر قربانی کے جانور لانے والے لوڈر رکشوں کو بھی داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ کے اطراف ٹریفک کی روانی مزید بہتر بنانے کیلئے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :