میرپورخاص: حیسکو کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کا پریس کلب تک مارچ اور شدید احتجاجی مظاہرہ

بجلی کمپنیوں کی نجکاری عوام اور مزدور دشمن فیصلہ ہے، آئی ایم ایف کے دباؤ پر ادارے فروخت کرنے نہیں دیں گی: یونین رہنماؤں کا عزم

منگل 2 جون 2026 20:55

! میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2026ء) حیسکو کی مجوزہ نجکاری کے خلاف آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا، ملازمین نے حیسکو دفتر سے پریس کلب تک مارچ کرتے ہوئے نجکاری کے فیصلے کو مسترد کردیا اور مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا تفصیلات کے مطابق آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی کال پر میرپورخاص میں بھی حیسکو ملازمین نے نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے یونین رہنماؤں زونل آرگنائزر محمد یوسف سومرو،زونل چیئرمین شاہد علی قائمخانی،زونل جنرل سیکریٹری سکندر علی مہر،زونل وائس چیئرمین شاہد علی کاظمی،چیئرمین غلام نبی قریشی،جنرل سیکریٹری ذوالفقار علی آرائیں،عبد الواحد خاصخیلی،عبد الکریم،لیاقت علی قائمخانی،دانش یاسین اور دیگر نے کہا کہ حیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری عوام اور مزدور دشمن فیصلہ ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ پر قومی اداروں کو فروخت کرنا چاہتی ہے جبکہ عوام پہلے ہی مہنگی بجلی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجکاری کے بجائے بجلی کے شعبے میں موجود بنیادی مسائل حل کیے جائیں اور آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی جائے مقررین نے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے، ادارے میں اسٹاف کی کمی پوری کرنے اور ملازمین کے بچوں کو سن کوٹہ کے تحت ملازمتیں دینے کا بھی مطالبہ کیا اس موقع پر یونین رہنماؤں نے دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے لائن مین جان محمد بلوچ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے فیلڈ اسٹاف کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر حیسکو کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا اور ملازمین کے مطالبات منظور نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کا دائرہ ملک بھر میں مزید وسیع کیا جائے گا