چیئرمین سینیٹ سے اٹالین سفیر کی غیر رسمی ملاقات ،دونوںملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

بدھ 3 جون 2026 12:58

چیئرمین سینیٹ سے اٹالین سفیر کی غیر رسمی ملاقات ،دونوںملکوں کے تعلقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2026ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اٹلی کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور علاقائی و عالمی امور میں تعاون پر استوار ہیں۔یہ بات انہوں نے اٹلی کے 80ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب کے دوران پاکستان میں اٹلی کی سفیر مس ماریلینا آرمیلن سے غیر رسمی ملاقات کے دوران کہی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ اور پاکستانی عوام کی جانب سے اٹلی کی حکومت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اٹلی کو پاکستان کا قابلِ اعتماد دوست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی سفارتکاری، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حوالے سے اٹلی کی حمایت کو سراہا۔

انہوں نے صحت، تعلیم اور صفائی کے شعبوں میں اٹلی کے ترقیاتی تعاون کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے اٹلی کی سفیر ماریلینا آرمیلن کی پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون آئندہ برسوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔تقریب میں چیئرمین سینیٹ نے یادگاری کیک بھی کاٹا اور اٹلی کی حکومت اور عوام کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔