لورالائی پولیس کی ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری

بدھ 3 جون 2026 20:19

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2026ء) لورالائی پولیس کی ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس حوالے سے ہوائی فائرنگ، منشیات فروشی اور ڈکیتی کے مقدمات میں متعدد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائی کے دوران دو دلہوں سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

پولیس تھانہ سٹی لورالائی کے ایس ایچ او محمد شریف موسی خیل کی مدعیت میں ناصر آباد اور قاری آباد کے علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے دو مختلف واقعات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو دلہوں سمیت مجموعی طور پر 7 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔سی آئی اے لورالائی نے منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

انچارج سی آئی اے سب انسپکٹر محمد انور جلالزئی کی سربراہی میں ٹیم نے کارروائی کے دوران عزیز اللہ ولد عبدالرحمن قوم ملکیل، ساکن پنجاب کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک کلو چرس اور ایک کلو گرام شیشہ (آئس) برآمد کیا گیا۔ ملزم کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس ایچ او صدر سب انسپکٹر محمد اکرم حمزازئی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 31/2025 بجرم 392 میں مطلوب ملزم عبدالقدوس ولد اللہ بخش قوم ونیچی، ساکن پٹھانکوٹ لورالائی کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلع بھر میں کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔