راجوری،بھارتی فوج کا آپریشن 13ویں روز بھی جاری ، علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول

جمعرات 4 جون 2026 15:53

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں بھارتی فورسز کی طرف سے محاصر ے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی آج(جمعرات) کو مسلسل13ویں روز بھی جاری ہے ۔فورسز کی شدید فائرنگ اور گولہ باری کے باعث علاقے میں شدید خوف و دہشت کا ماحول ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز کا دعویٰ ہے کہ علاقے میں عسکریت پسند موجود ہیں تاہم آج آپریشن کا 13روز ہے ، قابض فورسز عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے میں ناکام ہیں۔

آپریشن کی وجہ سے علاقے کے رہائشی شدید مشکلات سے دوچارہیں۔ ضلع راجوری کے گمبھیر مغلاں اور ڈوریمل منجاکوٹ علاقوں میں ہونے والے آپریشن میں بھارتی فوج، پیرا ملٹری فورسز ، پولیس کا سپیشل آپریشنز گروپ اور بھارتی فوج کی سرپرستی میں قائم نام نہاد ملیشیا ولیج ڈیفنس گارڈز حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں آپریشن میں پیرا کمانڈوز کے دستے بھی شامل ہیں۔

بھارتی فورسز آپریشن میں جنگی ہیلی کاپٹر، ڈرون کیمروں اور سراغ رساں کتوں کا بھی استعمال کر رہی ہیں۔ بھارتی فورسز نے آپریشن والے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر رکھے ہیں۔ فورسز اہلکار بار بار گھروں میں گھس کو تلاشی لے رہے ہیں اور خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کر رہے ہیں۔دریں اثنا، بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقے ناروا میں ایک گھر پر چھاپے کے دوران ایک خاتون کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ ( پی ایس اے )کے تحت گرفتار کر لیا۔