پاکستان اور روس نے غیرقانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کے معاہدوں پر دستخط کردیئے

پاکستان اور روس میں غیر قانونی طور پر مقیم شہریوں کی باوقار اور قانونی وطن واپسی کیلئے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 6 جون 2026 10:59

پاکستان اور روس نے غیرقانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کے معاہدوں ..
بشکیک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جون2026ء) کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے داخلہ کے اجلاس کے موقع پر پاکستان نے روس اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے معاہدے کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خطے کے پانچ اہم ممالک کے وزرائے داخلہ سے الگ الگ تفصیلی ملاقاتیں کیں، انہوں نے روس، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان اور قازقستان کے وزرائے داخلہ سے سائیڈ لائن ملاقاتیں کر کے علاقائی سلامتی کے حوالے سے اہم پیشرفت کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولٹسیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اہم ترین معاہدوں پر دستخط کیے گئے، دونوں ممالک نے غیر قانونی امیگریشن کی مؤثر روک تھام کے لیے آپسی اشتراکِ کار کو بڑھانے کا باقاعدہ معاہدہ کیا، پاکستان اور روس میں غیر قانونی طور پر مقیم شہریوں کی باوقار اور قانونی وطن واپسی کے لیے باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک نے منشیات اور دیگر نشہ آور اشیاء کی بین الاقوامی اسمگلنگ اور روک تھام کے لیے بھی مشترکہ تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور تاجکستان کے وزیر داخلہ رمضان رحیم زادہ کے درمیان ہونے والی ملاقات خطے کی سکیورٹی کے لحاظ سے انتہائی اہم تھی، ملاقات میں افغانستان کے اندر موجود دہشت گردوں کے تربیتی کیمپوں کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی، دونوں وزرائے داخلہ نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ افغانستان میں اس وقت 25 مختلف دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں، پاک تاجک وزرائے داخلہ نے اتفاق کیا کہ افغانستان کی سرزمیں پر دہشت گردوں کے یہ کیمپس اور بڑے پیمانے پر منشیات کی پیداوار پورے خطے کے امن و سکیورٹی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ازبکستان کے وزیر داخلہ میجر جنرل عزیز تاشپولاتوڡ سے ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور فورسز کی مشترکہ ٹریننگ پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان مستقل رابطے کے لیے ایک خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، اسی طرح قازقستان کے وزیر داخلہ یرژان سادینوف سے ملاقات میں بھی غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے اشتراکِ کار بڑھانے پر اتفاق ہوا اور یہاں بھی دونوں وزارتوں کے مابین ایک مستقل ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید یہ کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے میزبان ملک کرغزستان کے وزیر داخلہ نیاز بیکوف اولان اوموکانوچ سے بھی ملاقات کی، جس میں مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، اس موقع پر محسن نقوی نے کرغزستان کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ایس سی او اجلاس کے شاندار انتظامات کرنے پر اپنے کرغز ہم منصب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔