Live Updates

لاہور کے 280 سکول سربراہان کو نان سیلری بجٹ کی تربیت

منگل 9 جون 2026 18:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2026ء) ڈسٹرکٹ لاہور کے 280 سکول سربراہان کو نان سیلری بجٹ (این ایس بی) کے مؤثر اور شفاف استعمال سے متعلق تربیت فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا۔ محکمہ تعلیم کے مطابق لاہور کی پانچوں تحصیلوں میں تربیتی مراکز قائم کیے گئے جہاں متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز نے سکول سربراہان کو فنڈز کے استعمال کے طریقہ کار اور مالی امور سے متعلق آگاہی دی۔

تحصیل ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تربیتی سیشن میں ممبر سکول کونسل میاں رضوان اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد عمران نے شرکاء کو نان سیلری بجٹ کے مؤثر استعمال، شفافیت اور قواعد و ضوابط کے حوالے سے تفصیلی تربیت فراہم کی۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے اس تربیتی پروگرام کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری) ڈاکٹر محمد کامران کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے، جو پروگرام کی نگرانی اور انتظامی امور کے ذمہ دار ہیں۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں گورنمنٹ اے پی ایس بوائز ہائی سکول کے ہیڈ ماسٹر مظہر وٹو سمیت مختلف سرکاری سکولوں کے سربراہان نے شرکت کی اور نان سیلری بجٹ کے مؤثر استعمال سے متعلق رہنمائی حاصل کی۔اس موقع پر میاں رضوان نے کہا کہ نان سیلری بجٹ کے درست، شفاف اور بروقت استعمال سے ہی تعلیمی اداروں میں سہولیات کی بہتری اور معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سکول سربراہان پر زور دیا کہ وہ فنڈز کے استعمال میں قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات