لاہور میں 112 چالان والی موٹرسائیکل پکڑی گئی

شہری نے 55 بار بغیر ہیلمٹ بائیک چلائی، 20 بار سگنل توڑے، 28 بار لین لائن اور 8 مرتبہ اوورسپیڈنگ کی خلاف ورزی کی، واجب الادا جرمانوں کی رقم 2 لاکھ 7 ہزار 800 روپے تک جا پہنچی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 جولائی 2026 23:10

لاہور میں 112 چالان والی موٹرسائیکل پکڑی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی 2026ء) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹریفک پولیس نے ایک ایسی موٹر سائیکل کو قبضے میں لیا ہے جس پر مجموعی طور پر 112 ای چالان واجب الادا ہیں، اور ان جرمانوں کی کل رقم موٹر سائیکل کی اپنی اصل قیمت سے بھی زیادہ ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے وحدت روڈ پر معمول کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایک موٹر سائیکل کو روکا گیا، جب ٹریفک وارڈن نے بائیک کا ای چالان ریکارڈ چیک کیا تو ڈیوائس پر ہندسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے، کیونکہ اس موٹر سائیکل کے نام پر ایک، دو یا دس نہیں بلکہ پورے 112 ای چالان پینڈنگ تھے۔

بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل کے ذمہ مجموعی طور پر 02 لاکھ 07 ہزار 800 روپے کے جرمانے واجب الادا ہیں، اتنی بھاری رقم کا چالان سامنے آنے پر ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل کو فوری طور پر تھانہ وحدت روڈ میں بند کردیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ موٹر سائیکل مالک کی جانب سے متعدد بار قانون شکنی کی گئی جس کے باعث 55 مرتبہ بغیر ہیلمٹ بائیک چلانے پر چالان ہوا، 20 مرتبہ ریڈ سگنل توڑنے یعنی اشارہ کراس کرنے کی خلاف ورزی کی گئی، 28 مرتبہ رانگ لین اور لین لائن کی خلاف ورزی کی گئی، اور 8 مرتبہ شہر کے اندر اوور اسپیڈنگ کرنے پر ای چالان کٹا۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے اس کارروائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ای چالانز کی ادائیگی نہ کرنے والی گاڑیوں اور بائیکس کے خلاف شہر بھر میں سخت کریک ڈاؤن جاری ہے، شہری بھاری جرمانوں اور اپنی گاڑیاں بند ہونے سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، کیوں کہ ای چالان جمع نہ کروانے والے نادہندگان اب کسی بھی پولیس سروس جیسے کیریکٹر سرٹیفکیٹ یا دیگر سہولیات سے فائدہ حاصل نہیں کر سکیں گے۔