سیف اللہ جھیل کالام میں کشتی الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان 6 افراد جاں بحق

کے پی کے حکومت کے مشیر برائے سیاحت ملک عدیل اقبال نے حادثے پر گہرے افسوس کااظہار ‘ ڈپٹی کمشنر اپرسوات اور ڈائریکٹرجنرل اپرسوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے تفصیلات طلب کرلیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 1 جولائی 2026 22:00

سیف اللہ جھیل کالام میں کشتی الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان ..
سوات(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم جولائی ۔2026 ) سیف اللہ جھیل ‘کالام میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ایک17سالہ لڑکی لاپتہ ہے جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں چھ افراد کی لاشیں نکال کر ٹی ایچ کیو ہسپتال کالام منتقل کر دی گئی ہیں ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین، بچے اور مرد شامل ہیں .

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ٹورازم پولیس موقع پر پہنچ گئیں‘ ترجمان نے بتایا کہ سیف اللہ جھیل کالام میں کشتی الٹنے کا افسوسناک واقعہ بچوں اور خواتین سمیت 6افرادکے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے. انہوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے سیاحوں کا تعلق پنجاب سے بتایا جارہا ہے ‘اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سوات نے فوری طور پر امدادی ٹیمیں‘ ایمبولینسز اور ٹورازم پولیس کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا دشوار گزار اور پہاڑی علاقے کے باوجود ریسکیو اہلکار بروقت موقع پر پہنچ گئے.

انہوں نے بتایا کہ اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (USDA) نے بھی ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، سوات پولیس، ٹورازم پولیس اور مقامی جیپ ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن میں بھرپور تعاون فراہم کیا ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ایمبولینسز کے ذریعے کالام ہسپتال منتقل کر دیا ہے.

دوسری جانب کے پی کے حکومت کے مشیر برائے سیاحت ملک عدیل اقبال نے حادثے پر گہرے افسوس کااظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اپرسوات اور ڈائریکٹرجنرل اپرسوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے رابط کرکے تفصیلات طلب کیں اور انہیں ہدایت کی کہ حادثے کا شکار سیاحوں کو ہرممکن مددفراہم کی جائے اور زخمیوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے. انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور اپرسوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو حادثے کی تحقیقات کرنے اور ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف کاروائی کا بھی حکم دیا‘ملک عدیل اقبال نے ہدایت کی کہ سیاحوں کی ہرطرح سے حفاظت کویقینی بنایا جائے اور جھیلوں میں کشتیوں کی فٹنس کے علاوہ دیگر تفریحی سہولیات کو بھی چیک کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جاسکے. 
سیف اللہ جھیل کالام میں کشتی الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان ..