فٹ بال گراؤنڈ کی تعمیر کے تنازع پر سیکریٹری محکمہ کھیل اور امور نوجوان، کمشنر کراچی و دیگر کو نوٹس جاری

بدھ 10 جون 2026 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2026ء) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کی اراضی پر فٹ بال گراونڈ کی تعمیر کے تنازع پر سیکریٹری محکمہ کھیل اور امور نوجوان، کمشنر کراچی و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 16 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو لانڈھی میں پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کی اراضی پر فٹ بال گراونڈ کی تعمیر کے تنازعے سے متعلق پی اے آر سی کی جانب سے مبینہ قبضے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پی اے آر سی کے تحت انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ انٹروڈکشن کراچی 1977 سے دیہہ لانڈھی میں 25 ایکڑ اراضی کی قانونی مالک ہے۔ ادارے میں پودوں پر تحقیق کے ساتھ پھل دار درخت تیار کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

30 اپریل کو کچھ سیاسی شخصیات اور محکمہ ریوینیو اور اسپورٹس کے حکام نے چھ ایکڑ اراضی پر فٹ بال گراونڈ قائم کرنے کی تجویز دی۔

8 جون کو کچھ افراد ہیوی مشینری کے ہمراہ فارم کے تالے توڑ کر داخل ہوئے۔ فٹ بال گراؤنڈ کی تعمیر کے لئے اراضی کے حصول کی قانونی کارروائی کے بغیر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔ فارم میں موجود ایک لاکھ 36 ہزار درخت اور پودے سالانہ 40 ٹن کاربن جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ درختوں کی تباہی سے ماحولیاتی اور معاشی نقصان کا ازالہ ممکن نہیں۔ فریقین کی پی اے آر سی کی اراضی پر مداخلت اور زمین کی حالت تبدیل کرنے سے روکا جائے۔ عدالت نے سیکریٹری محکمہ کھیل اور امور نوجوان، کمشنر کراچی و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 16 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔