وائٹ ہائوس کے قریب گھاس پر لکھے پراسرار نمبر 8647 نے امریکی پولیس اور نیشنل گارڈ کی دوڑیں لگوا دیں

صدر کیخلاف کسی بھی خطرے کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے ،امریکی پارک پولیس واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی، ترجمان محکمہ داخلہ

جمعہ 12 جون 2026 22:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2026ء) واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاس کے قریب نیشنل مال کے علاقے میں گھاس پر 8647 نمبر ظاہر ہونے کے بعد پولیس اور نیشنل گارڈ کی دوڑیں لگ گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس نمبر کو امریکا میں قتل کی دھمکی تصور کیا جاتا ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پہلے بھی متعدد بار قاتلانہ حملوں کا سامنا رہا ہے جس کے باعث سیکیورٹی اداروں نے فوری ردِعمل دیا۔

(جاری ہے)

امریکی حکام کے مطابق 8647 کو بعض حلقے سیاسی احتجاج کے طور پر استعمال کرتے ہیں تاہم اس کی ایک تشریح یہ بھی کی جاتی ہے کہ 86 کسی چیز یا شخص کو ختم کرنے کے معنی میں استعمال ہوتا ہے جبکہ 47 ٹرمپ کے بطور 47ویں صدر امریکا کی طرف اشارہ سمجھا جاتا ہے،اسی بنیاد پر امریکی محکمہ انصاف پہلے بھی اس نمبر کو صدر کے خلاف خطرہ قرار دے چکا ہے۔محکمہ داخلہ کے ترجمان نے اسے بیمار ذہنیت پر مبنی انتشار پھیلانے کی سوچ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کے خلاف کسی بھی خطرے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور امریکی پارک پولیس اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گی اور ذمے داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا،واقعے کے بعد گھاس کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔