امن وامان کا قیام اور باہمی اتحاد ہر شہری کی ذمہ داری ہے،علماء ومشائخ

حلفیہ راشدین کے عدل و انصاف کے ادوار کو اگر آج بھی اپنا لیا جائے تو ہم دنیا میں انقلاب برپا کرکے اسلامی پرچم کو بلند کر سکتے ہیں

جمعہ 19 جون 2026 14:10

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2026ء) سرگودھا میں محرم الحرام کے احترام و تقدس اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے علما و مشائخ نے اتحاد یکجہتی اور بھائی چارے کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن وامان کا قیام اور باہمی اتحاد ہر شہری کی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنا وقت کا تقاضا اور ضرورت ہے۔زرائع کے مطابق جمعیت اشاعت التوحید والسنہ پنجاب کے نائب امیر علامہ عطا اللہ بندیلوی، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پنجاب کے صدر قاری احمد علی ندیم،علما مشائخ ونگ مسلم لیگ ن کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری مولانا ملک ضیا الحق اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ایڈیشنل ناظم اعلی مولانا سبطین شاہ نقوی،قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب کے چیئرمین حافظ وقاص قاسمی، جنرل سیکرٹری شفقت اقبال للہ سیکرٹری اطلاعات شیخ نعیم طاہر اور دیگر نے خطبات میں محرم الحرام کے تقدس واحترام اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسلامی سال نو کی اہمیت کو بیان کر کے احترام محرم میں مکمل یکجہتی اور اتحاد واتفاق و بھائی چارے کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ حلفیہ راشدین کے عدل و انصاف کے ادوار کو اگر آج بھی اپنا لیا جائے تو ہم دنیا میں انقلاب برپا کرکے اسلامی پرچم کو بلند کر سکتے ہیں جن کا عدل وانصاف کا مثالی دور حکومت ہمارے لئے مشعل راہ ہے اس لئے تعلیمات اسلامی کے ساتھ ساتھ اصحاب رسول کی شجاعت، بہادری اور عدل وانصاف سے نونہالان وطن کو روشناس کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

تاکہ عظمت صحابہ و اہلبیت کو اپناتے ہوئے احترام محرم الحرام کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کر کے تمام مساجد و امام بار گاہوں پر پولیس کے مسلح اہلکاروں کو تعینات اور ضلع کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی گئی۔