شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے ایشیا اور دنیا کی ایک عظیم اور باوقار رہنما تھیں ، سردار سربلند جوگیزئی

اتوار 21 جون 2026 21:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے ایشیا اور دنیا کی ایک عظیم اور باوقار رہنما تھیں جنہوں نے اپنی جدوجہد، سیاسی بصیرت اور جمہوری عزم کے ذریعے ایک منفرد مقام حاصل کیا ہم آج یہاں ان کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی قربانیوں، خدمات اور یادوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، بھٹو خاندان نے پاکستان کے لیے جو لازوال قربانیاں دی ہیں وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی اور ان کا قرض شاید کبھی اتارا نہ جا سکے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر مقامی ہوٹل میں سالگرہ کاکیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پیپلز پارٹی کے رہنماں حاجی ربانی خان خلجی، ملک ذیشان حسین، ندیم احمد خان پیپلز سپورٹس اینڈ کلچر ونگ کے صوبائی صدر شہزادہ خان کاکڑ پیپلز علما ونگ کے صوبائی صدر مولانا جمال خان پیپلز یوتھ آرگنائیزیشن کے صوبائی نائب صدر رومیل خان غلزئی، ملک عبدالعزیز زرکون، پیپلز سٹونڈنٹس فیڈرشن کے رہنما فیضان احمد خان، نواز خان مہترزئی، عبدالوہاب علیزئی و دیگرنے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی73ویں سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ پر کارکنان پاکستان پیپلز پارٹی عہد کرتے ہیں کہ وہ اپنے قائدین کے عوامی خدمت کے مشن کو ہمیشہ جاری رکھیں گے،پیپلز پارٹی ہی ملک کی واحد جماعت جو وفاق کی علامت ہے اوراس کی جڑیں چاروں صوبوں میں موجود ہیں عوامی مسائل کا حل اس ہی جماعت کے پاس موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام اور تمام طبقات کی نمائندہ جماعت ہے بے نظیر بھٹو کی 30 سالہ سیاسی زندگی اپنے والد سے کئے گئے عہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے عظیم جدوجہد کی عکاس ہے،بی بی نے اپنے والد کی طرف سے عطا کردہ عوام سے لافانی رشتہ ہمیشہ قائم رکھا اور عوام سے اپنے لازوال عشق کو اوج کمال پر پہنچایا اور عوام الناس کو مذہب عقیدہ، ذات پات، رنگ و نسل، قومیت سے بالاتر ہو کر ایک لڑی میں پرویا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی جمہوریت، مساوات اور انصاف پر ان کے غیر متزلزل یقین کا ثبوت تھی شہید محترمہ نے پسماندہ، بااختیار خواتین کے حقوق کی حمایت کی اور جبر کے خلاف جدوجہد کی ان کی قیادت نے ایک نسل کو متاثر کیا، اور ان کی زندگی پاکستان کے لوگوں کے لیے امید کی کرن بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک خوشحال اور پرامن پاکستان کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن ہماری پارٹی کے لیے ایک رہنما قوت ہے اور ہم ان کے خوابوں کی تعبیر کے لیے پرعزم ہیں