محرم الحرام کا مہینہ مظلوموں کے حقوق کے تحفظ کےلئے حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، مسرورعباس

بدھ 24 جون 2026 13:05

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما مسرور عباس نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ظلم کے خلاف لڑنے اور مظلوموں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرور عباس انصاری نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ8 محرم الحرام کے جلوس کی ایک تاریخی اہمیت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرینگر میں یہ جلوس آبی گزر سے شروع ہو کر ڈل گیٹ کے مقام پر اختتام پذیر ہوتا تھا ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی انتظامیہ نے اس جلوس پر گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ10محرم الحرام کا جلوس بھی نہیں نکالنے دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا نے ظلم وجبر کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں ۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کا حق و صداقت کی بالادستی کا پیغام تمام انسانوں کےلئے ہے۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ 10 محرم الحرام کے جلوس کو اپنے روایتی راستے سے نکلنے کی اجازت دے۔