دورہ انگلینڈ: 15 سالہ سوریا ونشی پر بھارتی ٹیم کے ساتھ رہنے پر پابندی لگ گئی

سوریا ونشی میچز، ٹیم میٹنگز کے دوران بھارتی سکواڈ کیساتھ موجود رہیںگے تاہم کپڑے تبدیل کرنے، دیگر متعلقہ سرگرمیوں کیلئے انہیں علیحدہ ڈریسنگ روم فراہم کیا جائیگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 25 جون 2026 11:20

دورہ انگلینڈ: 15 سالہ سوریا ونشی پر بھارتی ٹیم کے ساتھ رہنے پر پابندی ..
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جون 2026ء ) 15 سالہ سوریا ونشی کے دورہ انگلینڈ میں بھارتی ٹیم کیساتھ رہنے پر پابندی عائد کر دی گئی ، سوریا ونشی کو انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی 20 سیریز کے دوران خصوصی قوانین کے تحت اپنی ٹیم سے الگ ڈریسنگ روم استعمال کرنا ہوگا۔ 
رپورٹس کے مطابق 15 سالہ نوجوان بھارتی کھلاڑی کیلئے یہ انتظام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے حفاظتی ضوابط کے مطابق کیا گیا ہے، جو 16 سال سے کم عمر کھلاڑیوں پر لاگو ہوتے ہیں۔

 
کم عمر کھلاڑیوں کے لیے نافذ حفاظتی ضوابط کے تحت ویبھو سوریا ونشی میچز اور ٹیم میٹنگز کے دوران بھارتی اسکواڈ کے ساتھ موجود رہیں گے تاہم کپڑے تبدیل کرنے اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کے لیے انہیں علیحدہ ڈریسنگ روم فراہم کیا جائے گا، یہ ضابطہ انگلینڈ میں کھیلی جانے والی پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے دوران نافذ ہوگا۔

(جاری ہے)

 

ضوابط کے مطابق متبادل انتظام کے طور پر وہ مرکزی ڈریسنگ روم میں بھی الگ وقت پر کپڑے تبدیل کر سکتے ہیں، بشرطیکہ اس وقت دیگر سینئر کھلاڑی وہاں موجود نہ ہوں۔

 
اطلاعات کے مطابق یہی ضوابط آئرلینڈ کے خلاف بیلفاسٹ میں کھیلے جانے والے دو ٹی 20 میچوں کے دوران بھی لاگو ہوں گے۔ 
بھارتی ٹیم کو اس مقصد کے لیے اسٹیڈیم کے پویلین میں 3 علیحدہ کمرے فراہم کیے گئے ہیں اور ٹیم انتظامیہ کو متعلقہ قوانین سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ 
ای سی بی کے مطابق چونکہ یہ آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں ہونے والا ایونٹ ہے، اس لیے آئی سی سی کے حفاظتی طریقہ کار نافذ ہوں گے جب کہ ای سی بی کی سیف ہینڈز پالیسی بھی ہر وقت لاگو رہے گی۔

 
ترجمان کے مطابق کرکٹ ریگولیٹر بھارتی ٹیم کے ٹیم لائژن آفیسر کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ برطانیہ میں قیام کے دوران کھلاڑی سے متعلق تمام حفاظتی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ 
متعلقہ گراؤنڈز کے سیف گارڈنگ افسران بھی ٹیم انتظامیہ کے ساتھ مل کر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 
ای سی بی کا کہنا ہے کہ ویبھو سوریا ونشی کے والدین پورے دورے میں ان کے ساتھ رہیں گے۔

ان کی کم عمری کے پیش نظر خصوصی اجازت کے تحت والدین بھی اسی ہوٹل میں قیام کریں گے جہاں بھارتی ٹیم مقیم ہوگی۔ 
اس سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے بھی تصدیق کی تھی کہ سوریا ونشی کے والدین پورے دورے میں ان کے ہمراہ ہوں گے، جس کے اخراجات بھارتی کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا۔ 
ویبھو سوریا ونشی اس سے قبل آئی پی ایل میں راجستھان رائلز، بھارت اے اور ڈومیسٹک کرکٹ ٹیموں کے ڈریسنگ رومز کا حصہ رہ چکے ہیں۔ 
اگر وہ آئرلینڈ یا انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرتے ہیں تو وہ 16 سال اور 205 دن کی عمر میں ڈیبیو کرنے والے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑتے ہوئے بھارت کے کم عمر ترین مرد کرکٹر بن جائیں گے۔