آسٹریلیا کی اپنے شہریوں کو افغانستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

بدھ 1 جولائی 2026 23:12

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2026ء) آسٹریلیا نے افغانستان میں مسلسل سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ افغانستان کا سفر نہ کریں۔ آسٹریلوی محکمہ خارجہ و تجارت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں امن و امان کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے اور ملک کا کوئی بھی حصہ، بشمول دارالحکومت کابل، مکمل طور پر محفوظ نہیں سمجھاجاتا۔

آسٹریلوی محکمہ خارجہ و تجارت کی ویب سائٹ اسمارٹ ٹریولر پر جاری ایڈوائزری کے مطابق، آسٹریلوی شہریوں کو سیاحت، ثقافتی سرگرمیوں، کاروباری مقاصد یا اہلِ خانہ سے ملاقات سمیت کسی بھی وجہ سے افغانستان کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ ماضی میں افغانستان میں آسٹریلوی شہری زخمی اور ہلاک ہوئے، جبکہ بعض افراد کو غیر قانونی طور پر حراست میں بھی رکھا گیا۔

(جاری ہے)

محکمہ خارجہ کے مطابق دہشت گردی، اغوا، مسلح حملوں اور دیگر سیکیورٹی خطرات کے باعث افغانستان میں سفر انتہائی پرخطر ہے۔رپورٹس کے مطابق امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور متعدد دیگر ممالک بھی اپنے شہریوں کو افغانستان کے سفر سے گریز کی ہدایت جاری کر چکے ہیں، جس کی بنیادی وجہ ملک میں غیر یقینی سیکیورٹی صورتحال اور ممکنہ خطرات ہیں۔دفاعی و علاقائی امور کے تجزیہ کار ڈاکٹر ارم سرور کے مطابق، افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے اور ملکی و غیر ملکی شہریوں کو مختلف نوعیت کے خطرات کا سامنا رہتا ہے۔

ان کے بقول مختلف ممالک کی جانب سے جاری سفری انتباہات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ بین الاقوامی سطح پر افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بدستور تحفظات موجود ہیں۔