Live Updates

مائیکروسافٹ میں 5500سے زائد ملازمین کی نوکریاں خطرے میں پڑنے کا امکان

مائیکروسافٹ مصنوعی ذہانت (AI) اور کلاڈ کمپیوٹنگ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے

جمعرات 2 جولائی 2026 12:41

مائیکروسافٹ میں 5500سے زائد ملازمین کی نوکریاں خطرے میں پڑنے کا امکان
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2026ء) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ آئندہ ہفتے ملازمین کی ایک نئی بڑی تعداد کو فارغ کرنے کا اعلان کر سکتی ہے، جس کے تحت دنیا بھر میں 5500 سے زائد ملازمتیں متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق یہ چھانٹیاں کمپنی کی عالمی افرادی قوت کے 2.5 فیصد سے کم حصے پر مشتمل ہوں گی۔

یہ اقدام سیلز، کنسلٹنگ اور ایکس باکس (Xbox) گیمنگ ڈویژن سمیت مختلف شعبوں کو متاثر کر سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق 30 جون 2025 تک مائیکروسافٹ کے دنیا بھر میں تقریبا 2 لاکھ 28 ہزار مستقل ملازمین تھے۔ اگر چھانٹیوں کا حجم 2.5 فیصد سے کم رہا تو متاثرہ ملازمین کی تعداد تقریبا 5 ہزار 700 سے کم ہوگی۔اگرچہ مائیکروسافٹ نے تاحال ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے کاروباری ڈھانچے کو مزید مثر بنانے اور اخراجات میں کمی کے لیے تنظیمِ نو پر غور کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ مصنوعی ذہانت (AI) اور کلاڈ کمپیوٹنگ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔ کمپنی دیگر اے آئی پر مبنی مصنوعات کی توسیع کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں نئے ڈیٹا سینٹرز بھی قائم کر رہی ہے تاکہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ماہرین کے مطابق یہی وجہ ہے کہ مائیکروسافٹ سمیت کئی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنے وسائل روایتی کاروباری شعبوں سے منتقل کر کے مصنوعی ذہانت، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور کلاڈ انفرا اسٹرکچر پر مرکوز کر رہی ہیں۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ مائیکروسافٹ کے گیمنگ ڈویژن ایکس باکس میں بھی مزید تبدیلیاں متوقع ہیں۔ حال ہی میں ایکس باکس کنسولز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا۔اس سے قبل بھی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ کمپنی مارکیٹنگ بجٹ میں کمی اور اضافی ملازمین کی چھانٹی پر غور کر رہی ہے، جبکہ یہ مائیکروسافٹ کی جانب سے حالیہ برسوں میں ملازمین کی تعداد کم کرنے کا پہلا اقدام نہیں ہوگا۔ جولائی 2025 میں بھی کمپنی نے اپنی عالمی افرادی قوت کا تقریبا 4 فیصد کم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس سے انجینئرنگ سمیت متعدد شعبے متاثر ہوئے تھے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات