Live Updates

شفیع جان، آفتاب عالم، شہریار آفریدی اور داؤد شاہ آفریدی کی مؤثر کاوشیں کامیاب،

کوہاٹ کیلئے 1000 بیڈز ہسپتال سمیت اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس منظور

اتوار 5 جولائی 2026 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2026ء) خیبرپختونخواکے صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان، صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم، رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی اور رکن صوبائی اسمبلی داؤد شاہ آفریدی کی مسلسل کوششوں اور مؤثر پیروی کے نتیجے میں حکومت خیبرپختونخوا کے سالانہ بجٹ میں ضلع کوہاٹ کیلئے اربوں روپے مالیت کے متعدد میگا ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے جنہیں ضلع کی تاریخ کی اہم ترین ترقیاتی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

منظور شدہ منصوبوں میں 1000 بیڈز پر مشتمل جدید جنرل ہسپتال کا قیام، پنڈی روڈ انڈس ہائی وے تا بنوں گیٹ پولیس چوکی روڈ کی تعمیر و بحالی اور ڈھوڈہ شریفطخیرماتو انڈس ہائی وے چوک پر جدید انٹرچینج کی تعمیر شامل ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق ایک ہزار بیڈز پر مشتمل جدید جنرل ہسپتال کوہاٹ اور جنوبی اضلاع کے لاکھوں شہریوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا جبکہ پیچیدہ امراض کے علاج کیلئے بڑے شہروں پر انحصار میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

اسی طرح پنڈی روڈ انڈس ہائی وے تا بنوں گیٹ پولیس چوکی روڈ کی تعمیر و بحالی سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، شہریوں کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ڈھوڈہ شریفطخیرماتو انڈس ہائی وے چوک پر انٹرچینج کی تعمیر سے علاقائی رابطے مزید مضبوط ہوں گے، آئے روز حادثات میں کمی اور انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔ حکومتی حلقوں کے مطابق یہ منصوبے کوہاٹ کی ترقی، جدید انفراسٹرکچر، معیاری طبی سہولیات اور عوامی فلاح کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں پر عملدرآمد سے ضلع کوہاٹ ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگا اور عوام کو دیرپا فوائد حاصل ہوں گے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات