سونم وانچنک کی بھوک ہڑتال کا آٹھواں روز، طبیعت بگڑنے لگی

اتوار 5 جولائی 2026 21:02

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2026ء) نئی دلی کے جنتر منتر پربھوک ہڑتال پر بیٹھے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے خطے لداخ سے تعلق رکھنے والے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانچنک کی بھوک ہڑتال مسلسل جاری ہے ۔ آج انکی بھوک ہڑتال کا آٹھوا ں روز تھا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سونم وانچنک کاکروچ جنتاپارٹی کے جاری احتجاج میں تنظیم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

بھوک ہڑتال کے سبب وانچنک کا وزن چھ کلو کے لگ بھگ کم ہوگیا۔سی جے پی کے سربراہ ابھیجیت دپکے نے کہاکہ سونم کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے مستعفی ہونے تک وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ اس دوران تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے حامی مسلسل جنتر منتر پہنچ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مختلف ریاستوں سے طلبا، نوجوان اور سماجی تنظیموں کے نمائندے روزانہ جنتر منتر پر تحریک کی حمایت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ محض کسی ایک تنظیم کی تحریک نہیں ہے بلکہ نوجوانوں اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے لاکھوں طلبہ کے خدشات کو اجاگر کرنے کی کوشش ہے۔ سی جے پی کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو امتحان میں بے ضابطگیوں پر استعفی دے دینا چاہئے۔ ان کے استعفے تک یہ تحریک جاری رہے گی ۔