غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی و اغوا ، کیس میں مزید 3 ملزمان پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ملزم وحید عرف باس زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ، تاحال جسمانی ریمانڈ کے لئے پیش نہ کیا جا سکا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی پیر 6 جولائی 2026 14:04

غیر ملکی خواتین  سے مبینہ زیادتی و اغوا ، کیس میں مزید 3 ملزمان پانچ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی2026ء)   لاہور کے علاقے ڈیفنس میں دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغواء اور زیادتی کے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے گرفتار مزید تین ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزمان کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا اور مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان سے استفسار کیا کہ کیا وہ کچھ کہنا چاہتے ہیں، جس پر ملزمان نے جواب دیا کہ وہ کچھ نہیں کہنا چاہتے۔ عدالت نے یہ بھی پوچھا کہ کیا ان کی جانب سے کوئی وکیل موجود ہے، تاہم ملزمان نے بتایا کہ ان کی طرف سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔ دوران سماعت حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر میاں ساجد محمود عدالت میں پیش ہوئے اور پولیس کی درخواست کی حمایت کی۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو ملزمان رضوان، نواز اور ناصر کو پیش کیا گیا، جبکہ مقدمے میں نامزد ایک اور ملزم وحید عرف باس کو جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش نہیں کیا جا سکا۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزم وحید عرف باس زخمی ہونے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہے، اسی وجہ سے اسے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔