فاروق رحمانی کا شہید برہان وانی کو شاندار خراجِ عقیدت

بھارتی فورسز نے 8 جولائی 2016 کو جنوبی کشمیر میں برہان وانی کو شہید کردیا تھا۔

منگل 7 جولائی 2026 18:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2026ء) جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے ممتاز کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کو ان کی دسویں یوم شھادت پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز نے 8 جولائی 2016 کو جنوبی کشمیر میں برہان وانی کو شہید کردیا تھا۔

فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری بیان میں کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد پوری وادیِ کشمیر اور چناب کا خطہ سراپا احتجاج بن گیا تھا اور دور دراز کے علاقوں سے عوام نے ان کے گھر پہنچ کر نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام آزادی کے مقصد کے لیے دی گئی ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

آج ان کی شہادت کی دسویں برسی پر کشمیری عوام یہ عہد دوبارہ دہراتے ہیں کہ آزادی کے حصول تک جدوجہد کی مشعل کو روشن رکھا جائے گا۔

محمد فاروق رحمانی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے منصفانہ، پرامن اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام صرف کشمیری عوام کو انکاحقِ خودارادیت دینے کے زریعے ہی ممکن ہے۔