سٹار آف رنگیلا فاونڈیشن کے زیرِ اہتمام ایس ایم صادق کو پرائیڈ آف پرفارمنس ملنے پر تقریب کا انعقاد

منگل 7 جولائی 2026 20:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2026ء) معروف شاعر، نغمہ نگار ایس ایم صادق کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازے جانے کے اعزاز میں سٹار آف رنگیلا فاونڈیشن کے زیرِ اہتمام الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شوبز، ادب، موسیقی اور ثقافت سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ تھیں، جن کا استقبال اسٹار آف رنگیلا فاونڈیشن کی روحِ رواں فرح دیبا نے کیا۔ تقریب کے دوران معروف فوک گلوکار عارف لوہار اور ان کے بیٹوں نے ایس ایم صادق کو سونے کا تاج پہنایا، جبکہ ان کی ادبی اور فنی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معروف فوک گلوکار عطا اللہ خان عیسی خیلوی، عارف لوہار،شیر میانداد، نشو بیگم،معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر، سینئر اداکار راشد محمود،فرح لعل،عمران شوکت، ریکارڈسٹ ادریس، چھکو لہری، گلوکار رفاقت علی خان، ندیم پہلوان،ڈاکٹر ثانیہ کھیڑا اور دیگر ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس جیسے قومی اعزازات ان شخصیات کی خدمات کا اعتراف ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم صادق نے اپنی شاعری، گیت نگاری اور صوفیانہ کلام کے ذریعے قومی ثقافت اور زبان کی بھرپور خدمت کی ہے، جس پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ معروف فوک گلوکار عطا اللہ خان عیسی خیلوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایس ایم صادق کے لکھے ہوئے گیت اور صوفیانہ کلام موسیقی کی دنیا کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم صادق کے الفاظ دلوں میں اتر جاتے ہیں ان کے گیت آنے والی نسلوں تک گونجتے رہیں گے۔

انہوں نے پرائیڈ آف پرفارمنس ملنے پر ایس ایم صادق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی کئی دہائیوں پر محیط فنی خدمات کا حقیقی اعتراف ہے۔تقریب میں موسیقی کا رنگ بھی نمایاں رہا۔ معروف گلوکار عارف لوہار ،عمران شوکت علی، فلک اعجاز، فرح لال اور شیزہ جہاں نے ایس ایم صادق کے تحریر کردہ مقبول گیت اور صوفیانہ کلام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔

اپنے مختصر اظہارِ خیال میں ایس ایم صادق نے حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پرائیڈ آف پرفارمنس ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس اعزاز کو اپنے چاہنے والوں، ساتھی فنکاروں اور پاکستان کے نام کرتے ہیں اور آئندہ بھی ادب اور موسیقی کی خدمت جاری رکھیں گے۔انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، ساجدہ فاروق تارڑ اور فرح دیبا کا بھی شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر ساجدہ فاروق تارڑ، ڈاکٹر وقار احمد نیاز اور ایس ایم صادق کو شیلڈز بھی دی گئیں۔اس موقع پر مہمانوں نے ایس ایم صادق کو مبارکباد پیش کی اور ان کی صحت، خوشحالی اور مزید تخلیقی کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔