ایف بی آر نے چھوٹے تاجروں کے لیے فکسڈ ٹیکس سکیم کا طریق کار جاری کر دیا

سالانہ 20 کروڑ روپے تک ٹرن اوور والی ایک دکان کے مالکان فائدہ اٹھا سکیں گے ایف بی آر نے مسودے پر 7 روز میں اعتراضات اور تجاویز طلب کرلیں

بدھ 15 جولائی 2026 16:57

ایف بی آر نے چھوٹے تاجروں کے لیے فکسڈ ٹیکس سکیم کا طریق کار جاری کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2026ء) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے چھوٹے تاجروں کے لیے فکسڈ ٹیکس سکیم کا طریق کار جاری کردیا،سالانہ 20 کروڑ روپے تک ٹرن اوور والی ایک دکان کے مالکان فائدہ اٹھا سکیں گے۔ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مجموعی ٹرن اوور پر ایک فیصد ٹیکس لینے کی تجویزہے،حکومت کو سکیم کی کامیابی سے سالانہ 50 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے،ایف بی آر کے مطابق سکیم رضاکارانہ،دکاندار چاہیں تو عام انکم ٹیکس ریٹرن بھی جمع کراسکیں گے،کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس نقد جمع کرانا لازمی ہوگا،ایک سے زائد دکانوں کے مالکان اسکیم سے مستفید نہیں ہوسکیں گے،ٹیئر ون ریٹیلرز،جیولرز اور پروفیشنل سروس دینے والے شامل نہیں ہوں گے۔

ایف بی آر نے مسودے پر 7 روز میں اعتراضات اور تجاویز طلب کرلیں،رجسٹریشن آئی آر آئی ایس پورٹل، موبائل ایپ یا قریبی ٹیکس دفتر سے ہوسکے گی، مجوزہ سکیم کے تحت اہل دکانداروں کو ’’گرین پلیٹ‘‘جاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس معاملات کیلئے ایف بی آر افسران گرین پلیٹ دکان میں داخل نہیں ہوں گے، سکیم میں شامل چھوٹے دکانداروں کو پی او ایس مشین نہیں لگانا پڑے گی،سکیم سے فائدہ اٹھانے والے دکاندار ٹیکس آڈٹ سے بھی بچ جائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خالص منافع،دیگرذرائع آمدن اورادا کردہ مجموعی ٹیکس کی تفصیلات دینا ہوں گی،غیرمنقولہ پراپرٹی،بینک بیلنس،دستیاب کیش کی تفصیلات فارم میں درج کرنا لازمی قراردیاگیا، چھوٹے دکاندار کو دیگر اثاثوں کی تفصیلات بھی ایف بی آر سے شیئر کرنا ہوں گی۔ایف بی آر نے چھوٹے تاجروں کی رجسٹریشن کیلئے ایک صفحے کا آسان ٹیکس ریٹرن فارم بھی متعارف کروا دیا ہے جس میں کاروبارکانام،پتہ،شناختی کارڈنمبر اورکاروبارکی نوعیت درج کرنا ہوگی،اشیا ء کی سالانہ فروخت،خریداری اور کاروباری اخراجات بھی درج کرنا ہوں گے۔

ایف بی آر کے مطابق غیرمعمولی کاروباری سرگرمی یا بھاری اثاثوں کی خریداری کی صورت میں آڈٹ ہوگا،ٹیکس ادائیگی سے بچنے کیلئے سکیم کے غلط استعمال یامعلومات چھپانے پرکارروائی ہوگی،اس مقصد کیلئے ایف بی آر تھرڈ پارٹی سے ملنے والی معلومات پر کارروائی کا مجاز قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :