پاک سپورٹنگ انڈر-17 فٹ بال ٹیم کے چنا ئوکے سلسلہ میں تین روزہ اوپن ٹرائلز (کل )سے اسلام آباد میں شروع ہونگے

بدھ 15 جولائی 2026 13:21

پاک سپورٹنگ انڈر-17 فٹ بال ٹیم کے چنا ئوکے سلسلہ میں تین روزہ اوپن ٹرائلز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2026ء) پاک سپورٹنگ فٹ بال کلب، اسلام آباد نے انڈر-17 فٹ بال کھلاڑیوں کے لیے اوپن ٹرائلز کا اعلان کر دیا۔ ٹرائلز 16 سے 18 جولائی تک روزانہ شام پانچ بجے روورز پارک اسٹیڈیم، جی- 9/3، اسلام آباد میں ہوں گے۔ چیف آرگنائزر شوکت علی خان نے بتایا کہ ٹرائلز کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے 30 کھلاڑیوں کو پاک سپورٹنگ کلب کے باقاعدہ تربیتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا اور منتخب کھلاڑیوں کو مستقبل میں پاکستان بھر میں ہونے والے مختلف فٹ بال مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا۔

نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے قومی فٹ بال کو مضبوط بنیادیں فراہم کرنا ادارے کا بنیادی مقصد ہے۔ ٹرائلز کے دوران گول کیپرز کو خصوصی ترجیح دی جائے گی کیونکہ اس وقت پاکستان میں معیاری گول کیپرز کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ماضی میں راولپنڈی اور اسلام آباد نے متعدد ایسے گول کیپر پیدا کئے جنہوں نے قومی ٹیم کی کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کیا اور پاک سپورٹنگ فٹ بال کلب اسی روایت کو دوبارہ زندہ کرنے کے لئے باصلاحیت نوجوان گول کیپرز کی تلاش اور تربیت کا عزم رکھتا ہے۔

انڈر-17 کیٹیگری کے تمام اہل فٹ بالرز ٹرائلز میں شرکت کے مجاز ہوں گے۔ ٹرائلز کے لئے ایک اعلی سطحی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے ارکان کے نام ٹرائلز کے آغاز سے ایک روز قبل جاری کئے جائیں گے تاکہ شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخاب کو یقینی بنایا جا سکے۔ سید محسن گیلانی، جو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر بھی ہیں، پاک سپورٹنگ فٹ بال کلب اسلام آباد کے صدر کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔ پاک اسپورٹنگ فٹ بال کلب نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے فٹ بال شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹرائلز میں شرکت کر کے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں اور خطے میں فٹ بال کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی نشوونما کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔