فیفا ورلڈ کپ، دوسرا سیمی فائنل، ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان (کل)کھیلا جائیگا ،ہنگامے پھوٹنے کا اندیشہ

بدھ 15 جولائی 2026 13:39

فیفا ورلڈ کپ، دوسرا سیمی فائنل، ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان (کل)کھیلا ..
اٹلانٹا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2026ء) فیفا ورلڈ کپ 2026 کا دوسرا سیمی فائنل فٹبال کے دو سخت حریفوں ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان(کل) بدھ کی رات بارہ بجے کھیلا جائے گا، ہنگامے پھوٹنے کا اندیشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور ارجنٹینا کی فٹبال کے درمیان ایسی ہی رقابت ہے، جیسے کرکٹ میں انڈیا اور پاکستان کی۔ فٹبال کے میدان میں جب بھی دونوں ٹیمیں سامنے آئی ہیں، حریف شائقین کا جوش وخروش جھگڑوں میں تبدیل ہوا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا دوسرا سیمی فائنل ان ہی دو روایتی سخت حریفوں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور 1964 کی فاتح انگلینڈ کے درمیان اٹلانٹا میں کھیلا جائیگا۔ ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے دوسرے سیمی فائنل میچ کے دوران اٹلانٹا میں ہنگامے پھوٹنے کا خدشہ ہے،75 ہزار شائقین کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں دونوں ملکوں کے تماشائیوں کا ایک ساتھ بیٹھنا خطرناک چیلنج ہوگا۔

(جاری ہے)

اگر ارجنٹینا کے شائقین نے فاک لینڈ کا گیت گایاتو ہلڑ بازی کیلئے مشہور انگلش مداح مار کٹائی بھی کر سکتے ہیں،دونوں ٹیموں کی رقابت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اٹلانٹا پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے حفاظتی اقدامات سخت کر دئیے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے حامی الگ الگ دروازوں سے اسٹیڈیم میں داخل ہوں گے، مگر ساتھ ساتھ بیٹھیں گے۔واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں 28 سال کے طویل عرصے کے بعد فیفا ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں گی۔ دفاعہ چیمپئن ارجنٹینا کے فاتح کپتان اسٹار فٹبالر لیونل میسی پہلی بار انگلینڈ کے خلاف میدان میں اتریں گے۔