دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی فیفا ورلڈ کپ کا جوش و خروش عروج پر

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں فٹبال کے شائقین نے بڑی اسکرینوں پر فرانس اور اسپین کے درمیان سیمی فائنل میچ دیکھا

بدھ 15 جولائی 2026 11:47

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی فیفا ورلڈ کپ کا جوش و خروش عروج پر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2026ء) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی فیفا ورلڈ کپ کا جوش و خروش عروج پر رہا۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں فٹبال کے شائقین نے بڑی اسکرینوں پر فرانس اور اسپین کے درمیان سیمی فائنل میچ دیکھا، جبکہ لیاری انٹرنیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں ہزاروں شائقین کی موجودگی نے میلے کا سماں باندھ دیا۔

محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے کراچی، ملیر اور حیدرآباد میں بڑی اسکرینیں نصب کی گئیں، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے سیمی فائنل میچ سے لطف اٹھایا۔ فٹبال کے گڑھ سمجھے جانے والے لیاری میں شائقین کا غیرمعمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا، جبکہ اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔اس موقع پر پاکستانی نڑاد برطانوی سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان بھی لیاری انٹرنیشنل فٹبال اسٹیڈیم پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

شائقین نے ان کے حق میں نعرے لگائے جبکہ عامر خان نے ہاتھ ہلا کر حاضرین کے جذبات کا جواب دیا۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ لیاری میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ان کے بقول لیاری کو "منی برازیل" کہا جاتا ہے، جہاں فٹبال کے ساتھ ساتھ باکسنگ بھی انتہائی مقبول کھیل ہے اور یہاں سے کئی نامور باکسر سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بعد کراچی میں بھی ایک جدید باکسنگ اکیڈمی قائم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہتر موقع مل سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور حکومت کے تعاون سے اس منصوبے کو عملی شکل دینا چاہتے ہیں۔عامر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس منصوبے میں ان سے تعاون کر رہے ہیں، جبکہ رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے بھی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر نوجوانوں کو مناسب سہولیات اور تربیت فراہم کی جائے تو لیاری کے کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر شائقین نے آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا اور سیمی فائنل میچ کے دوران اسٹیڈیم میں جشن کا سماں رہا۔