جھڈیر شاخ کی ٹیل پر با اثر زمینداروں کی دیوار قائم کرنے سے زمینیں بنجر ہورہی ہے، شاہد خان کھوسہ

بدھ 15 جولائی 2026 22:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2026ء) ضلع جعفر آباد کے زمیندار شاہد خان کھوسہ نے کہا ہے کہ میری زمینیں جھڈیر شاخ کی ٹیل پر ہیں اور انہیں پٹ فیڈر کینال کی ذیلی شاخ جھڈیر سے پانی ملتا ہے لیکن گزشتہ چند سالوں سے جھڈیر شاخ کی آر ڈی 70 سے آر ڈی 80 کے درمیان کچھ با اثر زمینداروں نے پانی روک کر دیوار بنادی ہے جس کی وجہ سے ٹیل کے ہزاروں کسان پانی سے محروم ہیں۔

مذکورہ مسئلہ کے حل کے لئے محکمہ ایریگیشن کے حکام کو آگاہ تا حال مسئلہ حل نہیں ہوا اگر پانی کی فراہمی ممکن نہ بنائی گئی تو جعفر آباد سے کوئٹہ تک پر امن لانگ مارچ کریں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پرعائد ہوگی۔ یہ بات انہوں نے وسیم خان کھوسہ، خادم حسین کھوسہ کے ہمراہ بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی عرصے سے ٹیل کے زمینداروں کو پانی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے زراعت کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے پانی کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ بنائی گئی دیوار ہے جس کو ہٹانے کیلئے ہم نے سیکرٹری ایریگیشن کو درخواست دی اور وزیرا علیٰ بلوچستان سے ملنے کی کوشش کی مگر ملاقات نہ ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی شدید قلت اور جھڈیر شاخ میں موجود اس دیوار کی رکاوٹ کی وجہ سے ہمارا اور ہزاروں کی تعداد میں غریب کسانوں کو زراعت ، علاقہ مکینوں اور جانوروں پینے کے پانی کا شدید مسئلہ درپیش ہے ۔

زمینداروں نے بیج لگائے ہیں پانی کی عدم فراہمی سے خشک ہورہے ہیں کسانوں نے ادھار پر بیج اور کھاد لئے ہیں جس کی وجہ انہیں، کروڑوں روپے نقصان ہورہے ہیں اور وہ ان قرضوں کے بوجھ تلے دب رہے ہیںاور مالی مسائل کے باعث خودکشی پر مجبور ہوں گے۔ علاقے میں شدید قحط سالی ہونے کا اندیشہ بڑھ رہا ہے اور جھڈیر شاخ کی ٹیل پر با اثر زمینداروں کی دیوار قائم کرنے سے زمینیں بنجر ہورہی ہے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر میر صادق عمرانی، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان اور سیکرٹری ایریگیشن سہیل الرحمن بلوچ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غریب کسانوں کی داد رسی کرکے جھڈیر شاخ پر موجود غیر قانونی رکاوٹ کو ہٹا کر پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بناکر علاقے کو پانی کی قلت سے چھٹکارا دلایا جائے بصورت دیگر کسان جعفر آباد سے کوئٹہ تک پر امن لانگ مارچ کریں گے۔