وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی لوئر دیر اور بنوں میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت

جمعرات 16 جولائی 2026 20:06

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی لوئر دیر اور بنوں میں دہشت گرد حملوں کی شدید ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2026ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع لوئر دیر اور ضلع بنوں میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے حملوں میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ شہدائ کے لواحقین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزدلانہ دہشت گرد کارروائیاں حکومت، پولیس فورس اور عوام کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتیں۔ وزیراعلیٰ نے امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دینے والی پولیس فورس کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔