کل نواز شریف سکول آف ایمیننس کا باقاعدہ آغاز ہوگا:وزیرتعلیم

جمعرات 16 جولائی 2026 19:48

کل نواز شریف سکول آف ایمیننس کا باقاعدہ آغاز ہوگا:وزیرتعلیم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2026ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ کل پنجاب میں تعلیم کے حوالے سے ایک تاریخی دن ہوگا، جب وزیراعلیٰ مریم نواز کے مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے وعدے کی عملی تکمیل کے طور پر ’’نواز شریف سکول آف ایمیننس‘‘ کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز مختلف ڈویژنز میں جا کر خود نواز شریف سکول آف ایمیننس کا افتتاح کریں گی، جبکہ ان کی قیادت میں پنجاب معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھا رہا ہے۔

رانا سکندر حیات کے مطابق 65 نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے 71 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو اس منصوبے پر عوامی اعتماد اور غیرمعمولی دلچسپی کا واضح ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک ایک نشست پر متعدد بچے ویٹنگ لسٹ میں موجود ہیں، جس سے سرکاری سکولوں پر والدین کے اعتماد کی بحالی ظاہر ہوتی ہے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس عالمی معیار کے مطابق قائم کیے گئے ہیں۔

یہ متوسط طبقے کے بچوں کے لیے بہترین تعلیمی ادارے ہیں، تاہم اعلیٰ طبقے کے والدین بھی اپنے بچوں کو ان سکولوں میں داخل کرانے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ داخلوں میں مکمل میرٹ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس کا دائرہ کار مرحلہ وار ہر ضلع تک وسیع کیا جا رہا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق جلد ہی صوبے بھر میں ’’300 نواز شریف سکول آف ایمیننس‘‘ مکمل کرکے فعال کر دیے جائیں گے۔