لاہور میں 32 تحفظ شدہ گانیدار طوطے بازیاب، تین ملزم گرفتار

جمعرات 16 جولائی 2026 19:48

لاہور میں 32 تحفظ شدہ گانیدار طوطے بازیاب، تین ملزم گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2026ء) محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایات پر تحفظ شدہ جنگلی جانوروں اور پرندوں کی غیرقانونی خرید و فروخت کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے لاہور وائلڈ لائف رینجرز نے برکی ہڈیارہ کے مختلف علاقوں سے 32 تحفظ شدہ گانیدار طوطے بازیاب کر لیے جبکہ تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جویہ کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور محمد وسیم نے مقامی عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد وائلڈ لائف رینجرز اور پولیس کے ہمراہ برکی ہڈیارہ کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران 32 تحفظ شدہ گانیدار طوطے بازیاب کیے گئے، تین نیٹرز کو گرفتار کیا گیا اور چار نیٹنگ گئرز بھی ضبط کر لیے گئے۔

محکمہ وائلڈ لائف نے ملزمان کے خلاف تھانہ برکی ہڈیارہ میں الگ الگ مقدمات درج کرا دیے ہیں، جبکہ عدالتی حکم پر بازیاب کرائے گئے تمام طوطوں کو سفاری زو منتقل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ تحفظ شدہ جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار، تجارت اور نقل و حمل میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔