نارووال میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ریسکیو 1122ہائی الرٹ، 22فلڈ ریسکیو پوسٹیں قائم

پیر 20 جولائی 2026 23:24

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2026ء) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122نارووال انجینئر اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز)اور ڈپٹی کمشنر نارووال محمد طیب خان کی قیادت میں ریسکیو 1122ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اور ضلع نارووال میں کوڈ ریڈ ایکٹو کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امداد کی فراہمی کے لیے ضلع بھر میں دریائے راوی، نالہ بسنتر، نالہ بئیں، نالہ اوج اور نالہ ڈیک کے حساس مقامات پر مجموعی طور پر 22فلڈ ریسکیو پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ ان پوسٹوں پر تربیت یافتہ ریسکیورز، ریسکیو کشتیاں، لائف جیکٹس، لائف رنگز اور دیگر ضروری ریسکیو آلات ہمہ وقت موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ قائم کی گئی فلڈ ریسکیو پوسٹس میں نارووال میں 07، شکرگڑھ میں 07، ظفروال میں 05جبکہ دربار صاحب کرتارپور میں 03پوسٹس شامل ہیں، جہاں ریسکیو ٹیمیں 24گھنٹے الرٹ رہیں گی۔اور ڈپٹی کمشنر نارووال کی طرف سے دریاں اور ندی، نالوں میں نہانے اور مچھلیاں وغیرہ پکڑنے پر دفعہ 144بھی نافذ ہے۔انجینئر اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ مون سون کے دوران دریاں، ندی نالوں اور سیلابی پانی کے قریب جانے سے گریز کریں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122پر اطلاع دیں۔