فلم سے نکال کر فیصل رحمان کو کاسٹ کیا گیا، اس دن بہت رویا تھا، جاوید شیخ

بیوی ہو تو ایسی' سے نکالے جانے کا واقعہ زندگی کا مشکل ترین لمحہ تھا، بعد میں کامیابی نے سب کچھ بدل دیا، سینئر اداکار

بدھ 22 جولائی 2026 16:30

فلم سے نکال کر فیصل رحمان کو کاسٹ کیا گیا، اس دن بہت رویا تھا، جاوید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے مشکل دور میں انہیں ایک فلم سے نکال کر اداکار فیصل رحمان کو کاسٹ کر لیا گیا تھا، جس پر وہ شدید دلبرداشتہ ہوئے اور بہت روئے۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے بتایا کہ فلم "دھماکا" کی ناکامی کے بعد بطور ہیرو انہیں فلموں میں کام ملنا تقریباً بند ہوگیا تھا۔

اس دوران وہ گاڑیوں کے کاروبار سے وابستہ رہے اور فلموں میں چھوٹے موٹے کردار ادا کرتے رہے۔انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں انہیں فلم "بیوی ہو تو ایسی" میں ایک ثانوی کردار کی پیشکش ہوئی۔ ابتدا میں انہوں نے اس کردار پر تحفظات کا اظہار کیا، تاہم بعد میں فلم میں کام کرنے پر رضامند ہوگئے اور کراچی میں پانچ روز تک شوٹنگ بھی کی۔

(جاری ہے)

جاوید شیخ کے مطابق چھٹے روز انہیں بتایا گیا کہ اس دن ان کی شوٹنگ نہیں ہوگی اور شام کو ایک ہوٹل میں ملاقات کے لیے بلایا گیا، جہاں انہیں آگاہ کیا گیا کہ فلم کے ڈسٹری بیوٹر نے انہیں فلم میں رکھنے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ وہ اس وقت فلاپ اداکار سمجھے جا رہے تھے، جبکہ ان کی جگہ مقبول اداکار فیصل رحمان کو لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سینئر اداکار نے بتایا کہ انہیں فلم میں کسی دوسرے کردار کی پیشکش بھی کی گئی، تاہم انہوں نے انکار کر دیا۔ ان کے بقول یہ ان کی زندگی کا انتہائی تکلیف دہ لمحہ تھا اور وہ اس فیصلے پر بہت روئے۔جاوید شیخ نے کہا کہ چند برس بعد ڈرامہ سیریل "ان کہی" میں بطور ہیرو کام کرنے کا موقع ملا، جس نے انہیں دوبارہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ان کے مطابق یہ ڈرامہ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بے حد مقبول ہوا، جس کے بعد انہیں فلموں میں دوبارہ مرکزی کردار ملنے لگے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً دس سال بعد وہی پروڈیوسر اور ڈسٹری بیوٹر نئی فلم "چوروں کا دشمن" بنا رہے تھے۔ اس مرتبہ ڈسٹری بیوٹر نے فلم میں فیصل رحمان کی جگہ انہیں کاسٹ کرنے پر زور دیا اور پروڈیوسر کو ہدایت کی کہ جاوید شیخ سے معذرت کرکے انہیں ہر صورت راضی کیا جائے۔ بعد ازاں انہوں نے فلم میں کام کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔