جامعہ کراچی میں دو طلبہ تنظیموں کے کارکنان میں تصادم، 2 افراد زخمی

ڈنڈوں کے آزادانہ استعمال سے کیمپس میں کشیدگی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا، زخمی اسپتال منتقل

جمعرات 30 جولائی 2026 16:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) جامعہ کراچی میں دو طلبہ تنظیموں کے کارکنان کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے، جبکہ واقعے کے بعد کیمپس میں کچھ دیر کے لیے کشیدگی پھیل گئی۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں طلبہ تنظیموں کے کارکنان آمنے سامنے آئے اور معمولی تلخ کلامی دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔

تصادم کے دوران دونوں جانب سے ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری فوری طور پر جامعہ کراچی پہنچی اور صورتحال کو قابو میں لے کر مزید کشیدگی پھیلنے سے روک دیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ کیمپس کی صورتحال معمول پر ہے۔

واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور قانونی کارروائی کے لیے شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔جامعہ کراچی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے طلبہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور تعلیمی ماحول کو پرامن رکھنے میں تعاون کریں، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :