سرکاری سکولوں کے طلبہ کیلئے یونیک آئی ڈی متعارف کرانے کا فیصلہ

جمعہ 31 جولائی 2026 23:06

سرکاری سکولوں کے طلبہ کیلئے یونیک آئی ڈی متعارف کرانے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2026ء) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم تقریباً ڈیڑھ کروڑ طلبہ کے لیے یونیک آئی ڈی جاری کرنے اور جدید یونیفائیڈ ڈیٹا سسٹم قائم کرنے پر کام شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد طلبہ کا مکمل تعلیمی ریکارڈ محفوظ رکھنے اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانا ہے۔محکمہ کے حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت ہر طالب علم کو ایک منفرد شناختی نمبر (یونیک آئی ڈی) دیا جائے گا، جس کے ذریعے اس کی تعلیمی پیش رفت، پاس یا فیل ہونے کی معلومات، کلاس، عمر، صحت، رہائشی شہر اور دیگر بنیادی کوائف ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی طالب علم ایک سکول سے دوسرے سکول میں منتقل ہوتا ہے تو اس کی یونیک آئی ڈی برقرار رہے گی، جس سے اس کا مکمل تعلیمی ریکارڈ محفوظ رہے گا اور طلبہ کی ٹریکنگ بھی آسان ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سکول ایجوکیشن مدثر ریاض کے مطابق بہتر انتظامی نظام، مؤثر نگرانی اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے یہ یونیفائیڈ ڈیٹا سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں سرکاری سکولوں کے تمام طلبہ کو یونیک آئی ڈی جاری کی جائے گی، جبکہ بعد ازاں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے بھی یونیک آئی ڈی کو لازمی قرار دیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد مرحلہ وار شروع کیا جائے گا، جس سے صوبے میں تعلیمی ڈیٹا کے مؤثر انتظام اور طلبہ کی نگرانی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔