ملکی استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر مل کر کام کرنا ہوگا‘ گورنر پنجاب

دہشتگردی،فرقہ واریت کا خاتمہ کرنا ہے تو ہمیں سب سے پہلے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرنا ہوگا سردار سلیم حیدر خان سے تحریک منہاج القرآن کے وفد کی ملاقات ،سیاسی صورتحال ، دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 31 جولائی 2026 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2026ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے باہمی اتحاد اور اتفاق ناگزیر ہے، اسلام میں دشت گردی،فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں،دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی خرم نواز گنڈا پور کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور حالت حاضرہ پربھی تبادلہ خٰیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی امن وامان اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ دین اسلام ہمیں امن و سلامتی کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

ملک سے دہشتگردی،فرقہ واریت کا خاتمہ کرنا ہے تو ہمیں سب سے پہلے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز کے جوان اپنی جانوں پر کھیل کر امن و امان قائم رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔پیپلز پارٹی اور حکومت ملک میں امن و امان کی صورتحال پر ایک پیج پرہیں۔ملکی استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی اور روزانہ کی بنیاد پرپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہیں۔

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے وفد نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی سہولیات بالخصوص دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں فراہمی حکومت کی ترجیح ہونی چاہئے۔علاوہ ازیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کوئٹہ کے علاقے سورینج میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے 34 کان کنوں کے جاں بحق ہونے پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اُنہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات کو بلندکرے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ نہایت افسوناک واقعہ ہے، سن کر دل رنجیدہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔