کرک ،بجلی لوڈشیڈنگ کیخلاف خٹک زلمی کا دھرنا کامیاب مذاکرات کے بعد ختم، انتظامیہ کی مطالبات حل کرانے کی یقین دہانی

ہفتہ 1 اگست 2026 19:00

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2026ء) ضلع کرک میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور بجلی کی ناقص فراہمی کے خلاف خٹک زلمی کی جانب سے کرک گریڈ اسٹیشن کے سامنے دیا گیا احتجاجی دھرنا ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بروقت مداخلت کے بعد کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں پرامن طور پر ختم ہوگیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف مشتعل مظاہرین نے کرک گریڈ اسٹیشن کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور بعد ازاں گریڈ اسٹیشن کے اندر داخل ہوگئے جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

تاہم ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین سے مذاکرات کا آغاز کیا اور حالات کو پرامن طریقے سے قابو میں لے آئے۔ڈپٹی کمشنر کرک اسد سرور کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) صاحبزادہ سمیع اللہ کی سربراہی میں مظاہرین کے نمائندوں سے تفصیلی مذاکرات کیے گئے جن میں ایس پی آپریشنز ناظر حسین اور ایس ڈی پی او ہیڈکوارٹر یوسف خان بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے دوران مظاہرین نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور بجلی کی غیر تسلی بخش فراہمی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے انہیں یقین دلایا کہ عوام کے جائز مطالبات اور شکایات فوری طور پر واپڈا اور پیسکو کے متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائی جائیں گی جبکہ بجلی کی فراہمی میں بہتری اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد دھرنا پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا اور شرکاء منتشر ہوگئے۔ مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل ہونے پر علاقے میں کشیدگی بھی ختم ہوگئی۔