مقبوضہ جموں کشمیر،مختلف اضلاع میں ’’سی آئی کے‘‘ کے چھاپے

بھارت حق وسچ کی آواز کو آمرانہ ہتھکنڈوں سے ہرگز دبا نہیں سکتا، میر واعظ عمر فاروق حریت کانفرنس کا نظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

ہفتہ 8 اگست 2026 18:29

ْسرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس کے خصوصی ونگ’’ کانٹر انٹیلی جنس کشمیر‘‘ نے کئی اضلاع میں آزادی پسند کشمیریوں کے گھروں چھاپے مارے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چھاپے بارہمولہ، کپواڑہ، بانڈی پورہ، شوپیاں، اسلام آباد اور دیگر اضلاع میں2023کے ایک پرانے جھوٹے مقدمے کے سلسلے میں مارے گئے۔

بھارتی پولیس اور پیرا ملٹری اہلکاروں نے چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کیا ، قیمتی گھریلو اشیاء کی توڑ پھوڑ کی اور جائیدادوں کی ضروری دستاویزات ، لیب ٹاپ ، موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات ضبط کرلیے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت علاقے میں حق اور سچ کی آواز کو طاقت ، جبر اور آمرانہ ہتھکنڈوں سے ہرگز دبانہیں سکتا۔

(جاری ہے)

میر واعظ عمر فاروق نے ِ، جنہیں بھارتی انتظامیہ نے گزشتہ روز سرینگر میں گھر میں نظر بند رکھ کر نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی، اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آمرانہ اقدامات اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ کشمیریوں کے مذہبی اوردیگر معاملات پر آواز اٹھانے کی گنجائش مسلسل محدود کی جا رہی ہے اور ایسے مسائل اجاگر کرنے والوں کو مختلف نوعیت کی پابندیوں اور انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں، نظر بندیوں اور پابندیوں کے ذریعے حق پر مبنی آوازوں کوہر گز دبایا نہیں جاسکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جیلوں میں نظر بندحریت رہنمائوں، کارکنوں اور نوجوانوں کی حالت زار پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کی غیر قانونی نظربندی اور انہیں منصفانہ ٹرائل کی عدم فراہمی کا نوٹس لیں ۔

انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ان کی جائز آوازوں کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ترجمان نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کی ۔سرینگر جموں شاہراہ پر مورہ ٹنل کے قریب ایک سڑک حادثے میں بھارتی پیرا ملٹری شاشسترا سیمابل کے تین اہلکار زخمی ہو گئے۔