جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں

پیر 10 اگست 2026 16:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2026ء) بھارت کےغیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے جموں خطے اوروادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیزکر دی ہیں ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور پولیس نے بھارت کے یوم آزادی سے قبل ضلع جموں میں ارنیہ اور اسے ملحقہ علاقوں ایک نالہ اور کول کلان میں مشترکہ طور پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آپریشن کے دوران تقریباً 15 گھروں کی مکمل تلاشی لی گئی۔اسی طرح کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں راجوری، پونچھ، کشتواڑ، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی کی گئیں۔بھارتی فورسز نے ایجنسیوں کے ساتھ مل کر بارہمولہ، کپواڑہ، بانڈی پورہ، بڈگام، اسلام آباد، کولگام اور پلوامہ اضلاع کے کئی علاقوں میں گھروں پر چھاپے مارے اورتلاشیاں لیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناءبھارتی فورسز اور ایجنسیوں نے اہم مقامات اور سڑکوں کی نگرانی مزید سخت کردی ہے۔ سرینگر کے بخشی سٹیڈیم اور جموں کے ایم اے سٹیڈیم سمیت بھارتی یوم آزادی کی تقریبات کے مقامات کے ارد گرد بھاری تعداد میں بھارتی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔بڑی شاہراہوں اور دیگراہم سڑکوں پر گاڑیوں اورمسافروں کی تلاشی کا سلسلہ تیز کردیاگیاہے اورلوگوں سے ان کی شناختی دستاویزات طلب کی جارہی ہیں۔