آئی سی سی کا پلیئر آف دی منتھ کے امیدواروں کا اعلان

ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز، آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد انگلینڈ کے ہیری بروک اور بنگلا دیش کے اوپنر تنزید حسن کو بھی ایوارڈ کیلئے شارٹ لسٹ

منگل 11 اگست 2026 13:20

آئی سی سی کا پلیئر آف دی منتھ کے امیدواروں کا اعلان
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جولائی 2026 کے لیے ''پلیئر آف دی منتھ'' کے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کو جولائی 2026 کے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کرلیا گیا، ان کے ساتھ انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور بنگلا دیش کے اوپنر تنزید حسن کو بھی ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔

(جاری ہے)

جسٹن گریوز نے جولائی میں سری لنکا اور پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی، سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کو سیریز میں ایک صفر سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ہیری بروک نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ میچز میں 229 رنز بنائے، ان کی اوسط 114.50 اور اسٹرائیک ریٹ 214.01 رہا جس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دوسری جانب بنگلا دیش کے تنزید حسن نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین میچز میں 159 رنز بنائے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 140 رنز سکور کیے، یوں وہ دونوں فارمیٹس کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔